سرینگر، شبیر شاہ کا برہان وانی اور دیگر شہداء کو زبردست خراج عقیدت

شہید برہان ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے ،راہ حق کیلئے ان کے چھوڑے نقوش کبھی نہیںمٹ سکتے کشمیریوں سے شہید برہان وانی کی پہلی برسی کو یوم تجدید عہد کے طورپر منانے کی اپیل

بدھ 5 جولائی 2017 22:12

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری اور جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے کشمیری عوام سے معروف شہید نوجوان کشمیری رہنماء برہان وانی کی شہادت کی پہلی برسی کو یوم تجدید عہد کے طور منانے کی اپیل کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ اس روز ہم تحریک آزادی کے ساتھ اپنی بھرپور وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کریںگے۔

انہوںنے شہید برہان وانی اورانکے ساتھیوںشہید سرتاج احمد اور شہید پرویز احمد کوانکی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ تحریک آزای کیلئے انکی بے مثال قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ شہید اور ان کے خانوادے نے رواں جدوجہد آزادی کیلئے ایثار وقربانی کی ایک عظیم الشان مثال قائم کی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ہم گزشتہ سال بھارتی فورسز کے ہاتھوں گولیوں اور پیلٹ گنوں کا نشانہ بننے والے ان سو سے زائد شہداء کو کبھی نہیںبھول سکتے جنھوں نے تحریک آزادی کیلئے اپنی جانوںکانذرانہ پیش کیا ۔شبیر احمد شاہ نے تمام کشمیری شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نواز سیاست دان انکے قتل عام کے ذمہ دار ہیں۔انہوںنے کہا کہ شہید برہان ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے اور راہ حق کیلئے ان کے چھوڑے ہوئے نقوش کبھی نہیںمٹ سکتے ۔

انھوں نے شہید برہان کو نوجوانوں کیلئے ایک نمونہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنی مختصر مدت حیات میں انھوں نے جس طرح تحریک آزادی کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں وہ آنے والی نسلوں کیلئے مہمیز کا کام دے گی ۔انہوںنے برہان وانی کی شہادت پر کشمیری عوام کی طرف سے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کو بھارت کے خلاف ریفرنڈم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکام کی جانب سے پابندیوں کی پرواہ کئے بغیر کشمیری عوام سے ان سے جس والہانہ عقیدت کا مظاہرہ کیا ہے وہ دنیا کیلئے چشم کشا ہے ۔

انہوںنے افسوس ظاہر کیاکہ کشمیری حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے دور دراز کی جیلوں میں نظربندکیاجارہا ہے۔شبیر احمد شاہ نے شہید برہان وانی کے اہلخانہ کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے تحریک آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں ۔ انھوں شہید برہان اور ان کے بھائی شہیدخالدمظفر وانی کو تاریخ آزادی کے دو عظیم چراغ قرار دیتے ہوئے شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :