پشاوربورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا،طالبات ایک بار پھر بازی لے گئیں ، تعلیمی اداروں میں اصلاحات کے دعووں کے برعکس ،سرکاری سکول کا کوئی بھی طالبعلم ٹاپ پوزیشن نہیں حاصل کرسکا

بدھ 5 جولائی 2017 23:37

پشاوربورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا،طالبات ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جولائی2017ء)پشاوربورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ۔طالبات ایک بار پھر بازی لے گئیں جبکہ حکومت کے تعلیمی اداروں میں اصلاحات کے دعووں کے برعکس میٹرک کے نتائج میں سرکاری سکول کا کوئی بھی طالبعلم ٹاپ پوزیشن نہیں حاصل کرسکا۔تمام ٹاپ پوزیشنز پرنجی سکول کے طلبہ براجمانہیں جبکہ سرکاری سکولوں کے طلبہ ٹاپ ٹین میں بھی جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

بدھ کے روز پشاوربورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا جس میں طالبات ایک بار پھر بازی لے گئیں تاہم بورڈ میں پہلی پوزیشن لڑکے کے حصہ میں آئی۔ نتائج کے مطابق نجی سکول کے طالبعلم عمرانور نے 1048 نمبر لے کر سائنس گروپ میں اول پوزیشن حاصل کی۔ جلوہ اکبر نے 1047 نمبروں کے ساتھ دوسری اور کرشمہ بصیر نے 1045 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

طالبات اور ان کے والدین اس موقع پر مسرور نظرآئے۔اسی طرح آرٹس اور سائنس گروپ کی پوزیشنیں بھی طالبات کی حصے میں آئیں۔ حافظہ عائشہ بی بی نے آرٹس گروپ میں 1001نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی ۔حفصہ رفاقت علی نے 990نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ لائبہ رحمان اور حافظہ ہدیٰ حبیب نے 977نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ۔نتائج کا اعلان باقاعدہ طور پر منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا جس میں ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ڈاکٹر مہر تاج روغانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

علاوہ ازیں بورڈ کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر فضل الرحمن ، کنٹرولر امتحانات حمید اللہ جان مروت ، سیکرٹری بختیار احمد ، ممتاز شاعر پروفیسر اباسین یوسف زئی اور پوزیشن ہولڈر طلبہ اور ان کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔