مہاجر قومی موومنٹ نے پی ایس 114 میں ایم کیوایم کی حمایت کا اعلان کردیا

مہاجر قوم اپنا ووٹ ضائع نہ کریں کامران ٹیسوری کو ووٹ دیں ، قوم کے فیصلے قوم کو تقسیم ہونے سے بچائیں گے، آفاق احمد

جمعہ 7 جولائی 2017 20:47

مہاجر قومی موومنٹ نے پی ایس 114 میں ایم کیوایم کی حمایت کا اعلان کردیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2017ء) مہاجر قومی موومنٹ نے پی ایس 114 میں ایم کیوایم کی حمایت کا اعلان کردیا ہے ۔ جمعہ کو اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر قوم اپنا ووٹ ضائع نہ کریں کامران ٹیسوری کو ووٹ دیں ، قوم کے فیصلے قوم کو تقسیم ہونے سے بچائیں گے،مہاجر نام پر جو بھی امیدوار ہے اسے ووٹ دیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ایم کیوایم سے اختلافات بر قرار ہیں،مہاجر ووٹ کو تقسیم کرنے سے روکنا ہوگا ،مجھے اس بات سے غرض نہیں کہ کون کھڑا ہے یا کون جیتے گا،مہاجر ووٹ تقسیم نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ آئندہ انتخابات میں حصہ لینا چاہتی ہے ۔ آفاق احمد نے کہا کہ پی ایس 114 کیلئے پنجاب اور سندھ سے جو سیاسی رہنما آرہے ہیں وہ اسوقت کہاں تھے جب بلدیہ فیکٹری میں تین سو لوگ زندہ جلا دیئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ کی چاکنگ تو سیکٹر کمانڈر دباؤ ڈال کر صاف کروا دیتے ہیں، محمود آباد میں شرمناک چاکنگ کیوں صاف نہیں کرائی گئی۔انہوں نے کہا کہ میرا سیاسی نقطعہ نظر مختلف ہوسکتا ہے لیکن میں اپنی مہاجر قوم سے الگ نہیں ہوں۔مہاجر عوام کا ووٹ ہمیشہ مہاجروں کو ہی ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی پر قبضے کے نعرے لگانے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔متحدہ لندن، پاکستان یا پی ایس پی کی سیاست وہ خود جانیں، مجھے اپنے عوام سے پیار ہے اور وہ مجھ سے پیار کرتے ہیں، انکے پیار کا قرض انہیں متحد کرکے اٴْتاریں گے۔ مہاجروں کو گالی دینے کا سلسلہ بند کیا جائے۔#