حریت رہنمائوں کی طرف سے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت

بدھ 12 جولائی 2017 22:03

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنمائوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع بڈگام کے علاقے ریڈ بگ میں شہید ہونیوالے تین کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما مولانا مسرور عباس انصاری نے ریڈبگ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوں جاوید احمد شیخ، سجاد احمد گلکار اور عاقب گل کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر میں کشمیری عوام کی عظیم قربانیوں کو ناقبل فراموش قرار دیا۔

انہوںنے کہاکہ انہی قربانیوں کی بدولت مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مرکز نگاہ بن گیا ہے۔ انہوںنے 13 جولائی 1931 کے شہدا کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں یاسین راجہ ،ظفر اکبربٹ ،جاوید احمد میر اوررمضان خان نے بھی سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں بڈگام میں شہید ہونیوالے تین نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ ظفر اکبربٹ کی ہدایت پر سالویشن موومنٹ کے ایک وفد نے حیدر پورہ اور مصطفی آباد جاکر شہیدنوجوانوں کے جنازوں میں شرکت کی۔

وفد میں مولوی رشید،مولوی مشتاق، معراج الدین راتھر،محمد شعبان اورعبدالرزاق شامل تھے۔ سالویشن موومنٹ کے خواتین ونگ کی لیڈر تسلیمہ اور حفیظہ باجی نے حیدر پور جاکر شہید عاقب گل کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔ انہوںنے اس موقع پر بھارتی مظالم کے خلاف خواتین کے ایک احتجاجی جلوس میں بھی شرکت کی ۔ حریت رہنمائوں نے 13جولائی1931کے شہداء کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار ، محمد اقبال میر ، محمد احسن اونتو، امتیاز احمد ریشی اور غلام نبی وارنے بھی ایک مشترکہ بیان میں ریڈ بگ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔

انہوںنے کہاکہ شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور وہ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے ۔ انہوںنے 13جولائی کو ایک تاریخ ساز دن قراردیتے ہوئے 13جولائی 1931کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں نے بدھ کو ضلع بڈگام کے علاقے ریڈ بگ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران تین کشمیری نوجوانوںجاوید احمد شیخ، سجاد احمد گلکار اور عاقب گل کوشہید کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :