دھان کی فصل کو کیڑوں سے بچائو کیلئے بروقت اقدامات کی ہدایت

جمعہ 14 جولائی 2017 15:02

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2017ء) ما ہرین زراعت نے دھان کے کاشتکاروں کو فصل کو نقصان پہنچانے والے کیڑوں سے بچائو کیلئے بروقت اقدامات کر نے کی ہدایت کر تے ہو ئے کہاہے کہ زیادہ حملہ کی صورت میں فصل بالکل تباہ ہو جاتی ہے اور کٹائی کے قابل بھی نہیں رہتی۔ ماہرین نے بتایاکہ حملہ آور کیڑوں میں سب سے زیادہ نقصان دہ کیڑے تنے کی سنڈی، پتہ لپیٹ سنڈی، ٹوکا اور سفید پشت والا تیلہ ہیں۔

انہوںنے بتایاکہ تنے کی سنڈی زیادہ تر باسمتی اقسام پر حملہ آور ہوتی ہے جبکہ پتہ لپیٹ سنڈی اری اور باسمتی دونوں اقسام پر یکساں حملہ آور ہوتی ہے نیز سفید پشت والا تیلہ عموماً اری اقسام پر زیادہ حملہ آور ہوتا ہے اسی طرح ٹوکا (گراس ہاپر) دھان کی پنیری اور فصل دونوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ ان کیڑوں کے انسداد کیلئے کھیتوں کے اندر اور اطراف میں اُگی ہوئی جڑی بوٹیاں تلف کریں اور ان کیڑوں کو دستی جالوں سے پکڑ کر تلف کردیں۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکار پتوں پر انڈوں کی ڈھیریوں کو تلف کردیںاور رات کو روشنی کے پھندے لگائیںکیونکہ روشنی کے پھندے ان کیڑوں کے پروانوں کو تلف کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔انہوںنے کہاکہ اگر ان کیڑوں کا حملہ نقصان کی معاشی حدسے تجاوز کرجائے تو کیمیائی انسداد کیلئے زرعی توسیعی کارکن کے مشورہ سے سفارش کردہ زہروں کا استعمال یقینی بنایاجائے ۔