سی پیک منصوبے بارے آرمی چیف کے مثبت موقف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،خالد اقبال ملک

پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے سی پیک کی بروقت تکمیل بہت ضروری ہے، پاک فوج منصوبے کیلئے بہتر سیکیورٹی فراہم کر کے حکومت کے ساتھ اس کی کامیابی کیلئے ہر ممکن تعاون کر رہی ہے،اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 14 جولائی 2017 17:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جولائی2017ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک حالیہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی پیک منصوبے کے بارے میں جو مثبت موقف پیش کیا ہے تاجر برادری اس کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا چیف آف آرمی سٹاف نے سی پیک منصوبے کے مواقعوں سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کیلئے لیڈرشپ، مشترکہ جذبے اور اعلیٰ سطح پر استعدادکار کو بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہی وہ درست اپروچ ہے جس کو اپنا کر پاکستان سی پیک کو ملک کی تقدیر بدلنے والے منصوبے کی شکل دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے سی پیک کی بروقت تکمیل اشد ضروری ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام سٹیک ہولڈر ادارے اس تاریخی منصوبے کے زیادہ سے زیادہ ثمرات حاصل کرنے کیلئے اپنے آپ کو پوری طرح تیار کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا یہ بڑی حوصلہ افزا ء بات ہے پاکستان آرمی اس منصوبے کیلئے بہتر سیکیورٹی فراہم کر کے حکومت کے ساتھ اس کی کامیابی کیلئے ہر ممکن تعاون کر رہی ہے۔

خالد اقبال ملک نے کہا کہ پاکستان ایک نوجوان آبادی والا ملک ہے اور سی پیک کی وجہ سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کی بہتر تعلیم و تربیت اور ان کو ہنر مند بنانے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں تا کہ وہ اس تاریخی منصوبے میں زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں پیش آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے اور اس میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے اگر ضرورت پڑے تو موجودہ قوانین میں بھی ضروری ترمیم کرنے پر غور کیا جائے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ پاک چین مشترکہ تعاون کمیٹی نے بیجنگ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں سی پیک کے تحت پاکستان میں اسپیشل اقتصادی زون تعمیر کرنے پر اتفاق کیا تھا اور یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ دونوں ممالک ماہرین کے گروپ تشکیل دیں گے جو ان زونز کی ترجیحات طے کرنے کیلئے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے سی پیک روٹ پر اپنے علاقے میں 4اسپیل اکنامک زونز اور 14ساحلی شہر تعمیر کر لئے ہیں لیکن پاکستان نے ابھی تک اپنا ماہرین کا گروپ تشکیل نہیں دیا۔

لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذکورہ گروپ جلد از جلد تشکیل دیا جائے تا کہ اکنامک زونز کی تعمیر کا کام شروع ہو سکے۔خالد اقبال ملک نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے سی پیک منصوبے کے بارے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس سے بہتر رابطہ قائم کیا ہوا ہے جو قابل تعریف ہے تاہم انہوں نے کہا کہ ملک کے نجی شعبے کو اس منصوبے کے بارے میں پوری طرح اعتماد میں لیا جائے اور منصوبے کے تمام سٹیک ہولڈر اداروں کے درمیان مضبوط روابط قائم کئے جائیں تا کہ کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی فنانسنگ اور چین کے سرمایہ کاروں کو دی جانے والی مراعات بھی تاجر برادری سے شیئر کی جائیں۔