چوہدری نثارکے آبائی حلقہ چکری میں ترقیاتی کاموں کا سروے ، عوام کی اکثر یت کا وزیر داخلہ پرمکمل اعتماد کا اظہار

چوہدری نثار کو ووٹ دیتے آرہے ہیں آئندہ بھی انہیں ہی ووٹ دیں گے ،وزیر داخلہ نے علاقے میں بہت ترقیاتی کام کروائے ہیں مگر ابھی بھی کچھ کام ہونے باقی ہیں ، چکری اڈے کے قریب کوئی بڑا ہسپتال نہیں ہے،عوام علاقہ

جمعہ 14 جولائی 2017 23:30

چوہدری نثارکے آبائی حلقہ چکری میں ترقیاتی کاموں کا سروے ، عوام کی ..
چکری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جولائی2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے آبائی حلقہ چکری میں عوام کی اکثر یت نے چوہدری نثار پرمکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چوہدری نثار کو ووٹ دیتے آرہے ہیں آئندہ بھی انہیں ہی ووٹ دیں گے ،وزیر داخلہ نے علاقے میں بہت ترقیاتی کام کروائے ہیں مگر ابھی بھی کچھ کام ہونے باقی ہیں ، چکری اڈے کے قریب کوئی بڑا ہسپتال نہیں ہے۔

جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کی طرف سے وزیرداخلہ چوہدری نثار کے آبائی حلقے چکری میں کرائے گئے سروے کے دوران عوام کی اکثر یت نے چوہدری نثار پرمکمل اعتماد کا اظہار کیا۔سروے میں لوگوں سے اس علاقے میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے سوالات کئے گئے ،لوگوں نے ملے جلے جذبات کا اظہار کیا ، اکثریت نے کہا کہ علاقے میں بڑے ہسپتال اور لڑکیوں کے کالج کی سخت ضرورت ہے ، علاقے میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں جن میں زیادہ تر سڑکوں کی تعمیر کی جارہی ہے ،زیادہ تر لوگوں نے یہی کہا کہ وہ چوہدری نثار کو ووٹ دیتے آرہے ہیں آئندہ بھی انہیں ہی ووٹ دیں گے جبکہ کچھ لوگوں نے مختلف رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ چوہدری نثار کی جگہ پی ٹی آئی کے نمائندے کو ووٹ دیں گے ۔

(جاری ہے)

چکری کے رہائشی کامران نے کہا کہ چوہدری نثار نے بہت ترقیاتی کام کروائے ہیں مگر ابھی کام ہونے باقی ہیں ، چکری اڈے کے قریب کوئی بڑا ہسپتال نہیں ہے وہ ضرور ہونا چاہیے ، ووٹ آئندہ بھی چوہدری نثار کو دیں گے ۔چکری کے ایک اور رہائشی فیصل نے کہا کہ چوہدری نثار ہمارے ایریا میں روڈ بنوا رہے ہیں مگر یہاں پر ریسکیو کی کوئی سہولت موجود نہیں ہے ، گیس بھی نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہاں پہ کرائم ریٹ اتنا زیادہ نہیں ہے ، چوہدری نثار بہت اچھے انسان ہیں ، پہلے بھی ان کو ووٹ دیا اور اب آئندہ بھی ان کو ہی ووٹ دیں گے ۔ چکری کے رہائشی تنویر نے کہا کہ یہاں لوڈ شیڈنگ بہت ہے ،کرکٹ سٹیڈیم نہیں ہے ،ترقیاتی کام بہت کم ہو رہے ہیں اس لئے آئندہ ووٹ تحریک انصاف کے نمائندے کو دیں گے ۔ چکری کے ہی ایک اور رہائشی سے چوہدری نثار کے حلقے میں ترقیاتی کام سے متعلق سوال کیا گیا تو اس نے کہا کہ یہاں پر روڈ بن رہے ہیں ، مسائل بھی حل ہو رہے ہیں ،کچھ نہ کچھ مسائل موجود ہیں مگر آئندہ ووٹ چوہدری نثار کو دیں گے ۔

چکری کے رہائشی بشیر احمد نے کہا کہ یہاں پر ہسپتال ضرور ہونا چاہیے جو نہیں ہے ،ہم نے پہلے بھی چوہدری نثار کو ووٹ دیا تھا آئندہ بھی ان کو دیں گے ، پانامہ کیس کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف آئے پھر بھی ووٹ چوہدری نثار کو ہی دیں گے ۔چکری کے ایک اور رہائشی نے کہا کہ یہاں پر زیادہ ترقیاتی کام نہیں ہو رہے ، بڑے اسپتال کی سخت ضرورت ہے چوہدری نثار کو ووٹ دیا تھا مگر اگلی بار کسی اور ووٹ دیں گے ۔

چکری کے رہائشی منیر خان نے کہا کہ یہاں پر بڑا اسپتال نہایت ضروری ہے ،ہماری بچی بیمار تھی اس کو راولپنڈی ہسپتال لے جاتے جاتے اس کی موت واقع ہو گئی ،یہاں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی کوئی خاص کام نہیں ہورہا مگر ووٹ چوہدری نثار کو ہی دیں گے کیونکہ ان سے ہمیں خاص محبت ہے ۔چکری کے رہائشی محمد نعیم نے کہا کہ چوہدری نثار چکری میں بڑے روڈ تعمیر کروا رہے ہیں مگر چھوٹی سڑکوں پر کوئی خاص توجہ نہیں ہے ۔

یہاں پر ہمیں لڑکیوں کے کالج اور بڑے ہسپتال کی بھی سخت ضرورت ہے ۔ پانامہ کیس کا فیصلہ جو بھی آئے ووٹ پہلے بھی چوہدری نثار کو ہی دیا تھا آئندہ بھی انہیں کو دیں گے ۔ چکری کے ایک نوجوان رہائشی نے کہا کہ ہم بیروزگار بیٹھے ہیں ہمارے پاس ملازمتیں نہیں ہیں ۔ علاقے میں ترقیاتی کام بھی کچھ خاص نہیں ہو رہا اس لئے ہم آئندہ الیکشن میں ووٹ تحریک انصاف کو دینگے ۔

ایک بزرگ شہری نے کہا کہ چوہدری نثار یہاں پر کوئی کام تو نہیں کرواتے مگر ہم ووٹ انہیں کو دینگے ۔ علاقے کی چھوٹی سڑکوں پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ۔ جب کہ ایک اور شہری نے کہا کہ ہم نے پچھلی چھ سات باریوں میں چوہدری نثار کو ووٹ دیا مگر اب ان کو نہیں بلکہ تحریک انصاف کے نمائندے کو ووٹ دینگے ہمارے اتنی بار چوہدری نثار کو ووٹ دینے کے باوجود انہوں نے علاقے میں کوئی خاص ترقیاتی کام نہیں کروائے۔ چکری خاتون رہائشی نے کہا کہ یہاں پر بڑے ہسپتال اور لڑکیوں کے کالج کی سخت ضرورت ہے ۔ چھوٹے ہسپتالوں میں بھی مناسب دوائیاں نہیں ملتیں اس لئے ہم بہت بری حالت میں گزارہ کر رہے ہیں ۔…

متعلقہ عنوان :