سعودی عرب میں دلہااوردلہن شادی سے دوروزقبل حادثے میں جاں بحق

ایک ہی گاڑی میں دونوں کو لاتے وقت ٹائر پھٹ گیا اورتیزرفتارکار الٹ گئی،پوری سعودی قوم سوگوار

اتوار 16 جولائی 2017 14:40

سعودی عرب میں دلہااوردلہن شادی سے دوروزقبل حادثے میں جاں بحق
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2017ء) سعودی عرب میں ایک نوجوان لڑکے اور لڑکی کی شادی سے محض دو روز قبل پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں دلہا اور دلہن دونوں جاں بحق ہوگئے۔ اس واقعے نے پوری سعودی قوم کو دکھی کردیا۔عرب ٹی وی کے مطابق وادی الدواسر سے تعلق رکھنے والے عبداللہ کے بھائی مسفر الدوسری نے بتایا کہ اس کی بھائی کی شادی کے تمام انتظامات جب مکمل کر لیے گئے تو شادی سے دو روز قبل البیشہ سے اس کی دلہن کو وادی الدواسر لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

واپسی پر دلہا اور دلہن کو ایک ہی گاڑی میں بٹھایا گیا۔راستے میں اس بدقسمت گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا جس کے نتیجے تیز رفتار گاڑی الٹ گئی۔ عبداللہ [دلہا] موقع پر ہی دم توڑ گیا جب کہ اس کی ہونے والی دلہن کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ پانچ روز تک مسلسل موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد دلہن بھی دم توڑ گئی۔ مسفر الدوسری کا کہنا ہے کہ دونوں خاندانوں نے 10 روز تک اس المناک حادثے کا سوگ منایا۔رشتے میں دلہا دلہن ایک دوسرے کے خالہ زاد تھے۔ 23 سالہ عبداللہ پیشے کے اعتبار سے الیکٹریکل انجینیر تھا جب کہ لڑکی کی عمر اکیس سال بتائی جاتی ہے۔