چیئرمین حریت فورم کاکنٹرول لائن پر بڑھتی کشیدگی پر اظہار تشویش

بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے،حقیقت سے انکار سے تنازعہ ختم نہیں ہوگا،میرواعظ عمر فاروق

بدھ 19 جولائی 2017 17:39

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کشمیر میں کنٹرول لائن پر بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہارکیا ہے۔انھوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ کشمیریوں کو فوجی طاقت کے بل پر محکوم رکھنے کی پالیسی ترک کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں کہا کہ دونوںہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی کے اثرات کنٹرول لائن کے دونوں طرف کشمیر ی عوام پر پڑتے ہیں ۔ انہوں نے بھارت اور پاکستان پر زوردیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے ذریعے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا خاتمہ کریں۔ میرواعظ نے (جو گھر میں نظربند ہیں) کہاکہ مسئلہ کشمیر دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے ۔

(جاری ہے)

کنٹرول لائن پرصورتحال جنگ جیسی ہے اور کشمیر کی صورتحال بھی اس سے مختلف نہیں جہاں بڑے پیمانے پر قتل عام ، جبری گرفتاریاں اور ظلم و تشدد کے علاوہ کرفیو کا نفاذ ، چھاپے اورتوڑ پھوڑ اور حریت رہنمائوں کے خلاف جھوٹے مقدمات روز کا معمول بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا نہتے کشمیریوں کاقتل عام اور انہیں درپیش مشکلات جاری رہیں گی ۔

میرواعظ نے بھارت پر زوردیا کہ وہ کشمیریوں کو فوجی طاقت کے بل پر محکوم رکھنے کی اپنی پالیسی ترک کرتے ہوئے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے ، حقیقت سے انکار سے تنازعہ ختم نہیں ہوگا۔ حریت رہنماء نے کہاکہ یہ اہم وقت ہے کہ اگر بھارت اپنی ضد اور ہٹ دھرمی کی پالیسی ترک کردیتا ہے تو بھارت، پاکستان اور کشمیریوں سمیت تنازعے کے تینوں فریق مسئلے کا کوئی پائیدار اورقابل قبول حل تلاش کر سکتے ہیں۔