وفاقی وزیر اُمور کشمیر کی سوست ڈرائی پورٹ کی اپ گریڈیشن اور خنجراب کے مقام پر پرفیسلیٹیشن سنٹر کے قیام سے متعلق اجلاس کی صدارت

فیسلیٹیشن سنٹر، گلگت ایکسپورٹ ٹرمینل کے قیا م اور ڈرائی پورٹ کی اپ گریڈیشن پر جلد پیش رفت ممکن بنائی جائے بابوسرٹا پ کو پورا سال کھلا رکھنے کے اقدامات کیے جائیں،چوہدری برجیس طاہرکا ااجلاس سے خطاب

بدھ 19 جولائی 2017 23:54

وفاقی وزیر اُمور کشمیر کی سوست ڈرائی پورٹ کی اپ گریڈیشن اور خنجراب ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جولائی2017ء)وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ سی پیک کے تناظر میں چین سے بڑھتی ہوئی تجارت کو مدنظررکھتے ہوئے سُوست ڈرائی پورٹ کو اپ گریڈ کرنے اور خنجراب کے مقام پر فسلیٹیشن سنٹر کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس پر پیش رفت جلد ممکن بنائی جائے۔

وہ آج اسلام آباد میں سُست ڈرائی پورٹ کی اپ گریڈیشن گلگت بلتستان میں ایکسپورٹ اور خنجراب کے مقام پر فسلیٹیشن سنٹر کے قیام کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں ۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری اُمور کشمیر و گلگت بلتستان پیر بخش جمالی کے علاوہ ڈی جی این ایل سی، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان،جوائنٹ سیکرٹری گلگت بلتستان کونسل کے علاوہ گلگت بلتستان کونسل ،حکومت گلگت بلتستان اور این ایل سی کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حکام نے سُست ڈرائی پورٹ اور خنجراب بائی پاس پر موجودہ سہولیات کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چین سے دو طرفہ تجارت کو مدنظر رکھتے ہوئے میسرسہولیات ناکافی ہیں جن کو اپ گریڈ کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔حکام نے اجلا س کو آگاہ کیا کہ کارگو ہینڈلنگ سے لے کر بنیادی ضروریات کی فراہمی کی طویل المعدتی منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ کارگو ہینڈلنگ میں کم سے کم وقت درکار ہو جس سے کارگو ہینڈلنگ کے نظام کو تیز رفتار بنانے کے ساتھ ساتھ اس کولاگت کے حوالے سے موثر بھی بنایا جاسکے۔

حکام نے بتایا کہ اس کے علاوہ سیکیورٹی کے اعتبار سے بھی ڈرائی پورٹ کو محفوظ بنانے کی موثر منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس پر قانونی تقاضے پورے کرنے کے ساتھ ہی جلد کام شروع کر دیا جائے گا ۔ حکام نے ڈرائی پورٹ کارگو آمدورفت میں آنے والے سالوں کے متوقع اعداد و شمار بھی پیش کیے۔اجلاس میں وفاقی وزیر نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈرائی پورٹ کی اپ گریڈیشن اور فسلیٹیشن سنٹر پر جلد پیش کے لیے مختلف سٹیک ہولڈرزکے مابین قریبی رابطے کے لیے ایک کمیٹی قائم کی جائے ۔

انہوںنے وفا قی وزارت ُاُمور کشمیر و گلگت بلتستان اور گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ ان اہم اُمور پر پیش رفت کے لیے تمام ترقانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد پیش رفت ممکن بنائی جائے تاکہ کارگو ہینڈلنگ کو موثر اور تیز رفتار بنانے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی سے متعلق اُمور کو بھی اچھی طرح ہینڈل کیا جاسکے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر نے گلگت بلتستان کو دیگر ملک سے ٹریفک کی آمد ورفت کو رواں رکھنے کے لیے بابو سر ٹاپ کو سال کے تمام مہینوں کھلا رکھنے کے لیے این ایچ اے سے رابطے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ عوام اور سیاحوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بابو سر ٹاپ کو سال کے تمام موسموں میں کھلا رکھنے کے جلد اقدامات تجویز کیے جائیں ۔