مخصوص بینرز لگانے والوں کامسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں ، سب متحد اور یکجان ہیں، پرویز ملک

یہ پارٹی پالیسی نہیں، شر انگیز بینرز لگانے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی،خواجہ عمران ‘عمران گورائیہ

اتوار 23 جولائی 2017 19:10

مخصوص بینرز لگانے والوں کامسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں ، سب متحد اور ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک ،جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری اطلاعات و نشریات عمران علی گورائیہ نے شہر میں بعض عناصر کی طرف سے لگائے جانے والے مخصوص بینرز سے اظہار لاتعلقی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساری پارٹی وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد اور یکجان ہے اور ایسے عناصر کا پارٹی سے کہیں دور کا بھی تعلق نہیں اور نہ ہی یہ پارٹی پالیسی ہے ،مسلم لیگی عہدیداران نے کہا کہ شر انگیز بینرز لگانے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی اور ایسے عناصرکا کھوج لگا کر انہیں بے نقاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر موجودہ ملکی حالات میں غلط فہمیاں پیدا کر کے اپنے مخصوص مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن ہر مسلم لیگی کارکن اپنی قیادت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہے اور ایسی کسی شرارت کا کسی طور بھی حصہ نہیں بنے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ پارٹی سے تصدیق کے بغیر کسی کا موقف شائع نہ کریں، مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی منتخب سیاسی جماعت ہے اور انشاء اللہ محمد نوا زشریف کو موجودہ چیلنج سے نکالنے کیلئے تمام پارٹی شعبے ،کارکن اور ورکرز متحد ہو کر کھڑے ہیں وہ کسی ایسی افواہ یا من گھڑت کہانی کا حصہ نہیں بنیں گے اور اپنی پارٹی کی مضبوطی کیلئے ہمیشہ ایک رہیں گے ۔