باغبان جڑی بوٹیوں کے تدارک سمیت بڑھوتری والی شاخیں کاٹنے کے عمل میں کوتاہی نہ کریں،زرعی ما ہرین

پیر 24 جولائی 2017 14:55

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2017ء)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کو پودوں کے کچے گلے اور غیر معمولی بڑھوتری والی شاخیں فوری کاٹنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ باغبان جڑی بوٹیوں کے تدارک سمیت غیر معمولی بڑھوتری والی شاخیں کاٹنے کے عمل میں کوئی کوتاہی نہ کریں کیونکہ اس طرح پھل کے متاثر ہونے اور پیداوار میں بھاری کمی ہونے کا خدشہ پیداہوسکتاہے۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے کہاکہ باغبان عناصر صغیرہ کا ضرورت کے مطابق سپرے کرنے سمیت وسط مئی تک نائٹروجنی کھاد کی دوسری قسط ڈالتے ہوئے 15 دن کے وقفہ سے آبپاشی بھی کریں جبکہ پھل شروع ہونے کے فوراً بعد ہر حال میں پانی دیاجائے۔ انہوںنے کہاکہ باغبان جنسی پھندے لگانے کا عمل جار ی رکھیں اور کیڑوں و بیماریوں کے خلاف سپرے سمیت تنوں پر بورڈ و پیسٹ بھی کریں تاکہ پودوں اور پھل کو نقصان سے بچانا ممکن ہو سکے۔