اسرایونیورسٹی نے 100 سے زائد طالبات کو مختلف ہنروں میں تربیت کی فراہمی کے بعد اسناد دیں،طالبات کو پی ایس ڈی ایف پروگرام کے تحت باعزت روزگار حاصل کرنے کیلئے فنی تربیت فراہم کی گئی ،ڈائریکٹر سیز مصطفی منہاس

پیر 24 جولائی 2017 19:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جولائی2017ء) اسرا یونیورسٹی نے ایک خصوصی تقریب میں 100 سے زائد طالبات میں اسناد تقسیم کیں جنہوں نے پنجاب سکلز ڈیولپنٹ فنڈ کے تحت یونیورسٹی کے زیر اہتمام مختلف کیمپسس میں اپنی ٹریننگ کورسسز مکمل کئے۔ ان طالبات کا تعلق راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے تھا اور انہیں مختلف کورسز میں نہ صرف مفت ٹریننگ فراہم کی گئی بلکہ ماہانہ 1500 روپہ وظیفہ کے علاوہ مفت وردی ، بیگ اور کتابیں بھی فراہم کی گئیں تھی، طالبات کو سٹریلائزیشن پروسیس اور واٹر ٹریٹمنٹ پروسیجر اور آپریشنز کرائے گے، ان کورسز کا مقصد نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنا ہے، کو رس کے اختتام پر یہ تمام ہنرمند طالبات کسی بھی ادارے میں کام کرسکتی ہیں یا اپنے کام کا آغاز کرسکتی ہیں تاکہ اپنے خاندانوں کے لئے باعزت روزگار کما سکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپنے پیغام میں ڈائریکٹر سکول آف انجینئرنگ اینڈ اپلائڈ سائنسز اسلام کے ڈائیکٹر مصطفی منہاس نے کہا کہ طالبات کو اس طرح کی تربیت دینا اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ ان کو روزگار کے بہتر موقع فراہم ہوسکیں۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ محنت کریں اور یہاں سیکھے گئے کورسز کو عملائیں اور وہ ملک کی ترقی اور خوشحال میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

اس موقع پر سکول آف انجینئرنگ اینڈ اپلائڈ سائنسز کے ڈپٹی ڈائریکٹر طیب حسین ملک نے اساتذہ کو سراہا کہ انہوں نے انتھک محنت اور لگن سے ان طالبات کو پڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی ایف مختلف بین الاقوامی اداروں کی مدد سے یہ پروگرام چلارہا ہے جبکہ اسرا ء یونیورسٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اسے یہ کورسز فراہم کرنے کے لئے منتخب کیا گیا۔

طیب حسین نے کہا کہ چونکہ خواتین کا تناسب ملکی آبادی میں نصف سے بھی زیادہ ہے لہذا ان کو ہنرمند بنانے اور روزگار حاصل کرنے کے قابل بنانے سے ملک کو تیزر سے ترقی دلائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے طالبات پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بے پناہ انسانی وسائل ہیں جنہیں استعمال کرکے ملک کو بہت جلد ترقی یافتہ ممالک میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔شعبہ ہائے زندگی میں باصلاحیت بنانے کے متفرق پروگرامز کے ساتھ ساتھ حکومت پنجاب نے اگلے تین ماہ کے دوران 2000 سے زائد خواتین کو مختلف ہنر سکھانے کیلئے ایک جامع پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ اور قومی و بین الاقوامی اِداروں کے اشتراک سے خواتین کو کپڑوں کی کٹنگ، سلائی، فیبرک کوالٹی انسپیکشن اور ٹیکسٹائل سیلز اینڈ مارکیٹنگ کے مفت کورسز کروائے جائیں گے جن کے ساتھ 1500 روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔

خواتین پر مرکوز تربیت صوبہ پنجاب کے دیہی اور دور دراز علاقوں میں خواتین کو قابل احترام طریقے سے ذریعہ معاش کے حصول کی فراہمی کے مقصد کے تحت فراہم کی جائیگی۔ مزید برآں، ماہانہ وظیفے کے ساتھ ساتھ خواتین تربیت کنندگان کو مفت کتابیں، یونیفارم اور بستے بھی دئیے جائیں گے۔ تربیت کی تکمیل کے بعد خواتین کو نہ صرف نوکری کے حصول میں مکمل معاونت اور رہنمائی فراہم کی جائیگی بلکہ اپنے کاروبار کے لئے سود سے پاک قرضے بھی دئیے جائیں گے۔

پی ایس ڈی ایف نے ساشے پاکستان کے اشتراک سے منگل کو گاگڑی میں اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا جہاں دیہی خواتین کو مندرجہ بالا ہنرمندی کے کورسز مفت کروائے جائیں گے۔ تمام خواہش مند خواتین اُمیدواران کو ساشے پاکستان میں 31 دسمبر2016ء تک رجسٹریشن کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کورسز کی کلاسز کاآغاز یکم جنوری 2017ء سے ہوگا اور 31 مارچ 2017ء کو یہ کلاسز اختتام پذیر ہو جائیں گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی جناب چوہدری ناصر وائس چیئرمین یونین کونسل 14 سہالہ نے علاقے میں خواتین کو بااختیار اور باصلاحیت بنانے کیلئے ساشے پاکستان کی خدمات کی تعریف کی۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ساشے پاکستان ایسے مزید پراجیکٹ کا بھی آغاز کرے گی جس کیلئے اُنہوں نے اپنی بھرپور حمایت کا یقین دِلایا۔تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر سعدیہ الیاس کا کہنا تھا کہ پروگرام کا مقصد خواتین کو مفت تربیت کے ذریعے صرف باصلاحیت بنانا ہی نہیں ہے بلکہ اُنہیں کورس کی تکمیل پر اپنے ذاتی کاروبار کے آغاز کیلئے بلاسود قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ اِن کورسز سے نہ صرف خواتین کو حصول معاش کے باعزت ذرائع میسر آئیں گے بلکہ وہ بہتر اور فعال طریقے سے اپنی فیملی کیلئے آمدنی میں اضافہ کر پائیں گی۔ اُنہوں نے اعلان کیا کہ ہر ہنرمند خاتون کو اپنے کاروبار کے آغاز کیلئے اخوت فاؤنڈیشن کے تعاون سے 25000 روپے تک کا قرضہ فراہم کیا جائے گا۔ اُنہوں نے ساشے پاکستان کی طرف سے تقریب کو کامیاب بنانے پر پی ایس ڈی ایف، ہارمونی ٹیکنالوجیز اور تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ساشے پاکستان کے سیکرٹری جنرل محمد فہیم نے کہا کہ پی ایس ڈی ایف کے متذکرہ پروگرام کیلئے پنجاب بھر سے 83 اِداروں نے درخواستیں دی تھیں، پی ایس ڈی ایف نے اُن میں 33 اِداروں کو چنا جن میں ساشے پاکستان بھی شامل ہے۔ پورے پنجاب میں سے کل 2000 خواتین کو ہنرمند بنانے کے پروگرام کا آغاز ہو چکا ہے جس میں سے تقریباً 150 خواتین کو ساشے پاکستان کے زیراہتمام 3 تربیتی مراکز میںسلائی اور ٹیکسٹائل سے متعلق 4 کورسز میں تربیت فراہم کی جائے گی ان مراکز میں سے 2 ضلع راولپنڈی کے دیہی علاقوں میں قائم ہیں۔

اُنہوں نے ایسے مثبت پروگرامز میں شمولیت پر گاگڑی کی رہائشی خواتین کو سراہا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہنرمند خواتین ہی ایک ہنرمند اور خوشحال معاشرے کو تشکیل دے سکتی ہیں۔ بے روزگاری کے خاتمے کیلئے خواتین پر مرکوز تربیتی پروگرامز پاکستان کی اہم ضرورت ہیں۔ آخر میں اُنہوں نے کہا کہ ہمارے اِدارے پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے، ہم اُس پر پورا اُترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔