پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے، مختار وازہ

بھارت تحریک آزادی کو دبانے کے اپنے مذموم منصوبے میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا،جاوید میر

بدھ 26 جولائی 2017 20:07

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اور جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مختار احمد وازہ نے ترال کے علاقے ڈاڈہ سرا میںایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کشمیریوں کی تحریک آزادی کو طاقت کے بل پر دبانے کی پالیسی ترک کر کے بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے وعدے پرعمل کریں اور انہیں انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دے۔

مختار احمد وازہ نے کہا کہ نریندر مودی کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کشمیر کوئی سرحدی تنازعہ نہیں بلکہ ڈیڑھ کروڑ کے لگ بھگ کشمیریوں کے سیاسی مستقبل کا مسئلہ ہے۔

(جاری ہے)

مختار احمد وازہ نے بھارتی پولیس کی طرف سے مقبوضہ وادی میں حریت رہنمائوں، کارکنوں اورعام بے شہریوں کی گرفتاری کی لہر کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ دریں اثناحریت رہنما جاوید احمد میر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کے لیے 1947سے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کرتا آیا ہے مگر وہ اپنے مذموم منصوبوں میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔

انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیوں کی وجہ سے اس وقت عالمی برادری تنازعہ کشمیر کے حل پر زور دے رہی ہے مگر بھارت اپنی ضد اور ہٹ دھرمی جاری رکھے ہوئے ہے اور جنوبی ایشیا کو تباہی کی طرف لے جانے پر تلا ہوا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے ۔