فیصل آباد،زرعی یونیورسٹی لیبارٹری سکولز سسٹم کے طلبا نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ و سیکنڈری ایجوکیشن کے حالیہ میٹرک امتحانات میں کامیابیوں کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے

بدھ 26 جولائی 2017 20:15

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جولائی2017ء)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں لیبارٹری سکولز سسٹم کے نوجوانوں نے ماضی کی درخشندہ روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ و سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے حالیہ میٹرک امتحانات میں کامیابیوں کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیبارٹری گرلز ہائی سکول کی ہونہار طالبہ مائرہ یونس نے 1090/1100نمبروں کے ساتھ بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ۔

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ و سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے آڈیٹوریم میں منعقد ہونیوالی ایک پروقار تقریب میں مہمان خصوصی و مہمان اعزاز کی طرف سے ان کی خوب پذیرائی کی گئی۔ نتائج کے مطابق گرلز سکول کی 152طالبات نے میٹرک امتحان میں حصہ لیا تھاجن میں سے 43طالبات نے ایک ہزار سے زائد نمبروں کے ساتھ نمایاں پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

سکول سے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرنے والی طالبات میں تزین الطاف نے 1079نمبروں کے ساتھ سکول میں دوسری جبکہ فاقیہہ رحمان نے 1078نمبروں کے ساتھ سکول میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

دوسری ہونہار طالبات میں المیرہ ارم نے 1076‘ بشریٰ سردار اور عیشا اسلم1070‘ علیزا اقبال 1068‘ زینب اکرم 1067‘ مناہل بشیر1066‘ حفصہ مشتاق اور حبیہ اکرم1065‘ لائبہ طارق وسمعیہ باسط1064‘ تحریم خالد 1057‘ عطیہ انور 1053‘ عیرش حنیف 1052 اور ثناء فاطمہ نے 1051نمبروں کے ساتھ نمایاں کامیابی حاصل کی۔علاوہ ازیں لیبارٹری بوائز ہائی سکول سے 167طلباء میٹرک کے امتحان میں شریک ہوئے جن میں سے 33طلباء نے اے پلس گریڈ‘ 33نے اے گریڈ جبکہ 32نوجوانوں نے بی گریڈ میں کامیابی حاصل کی۔

لیبارٹری بوائز ہائی سکول سے 13نوجوانوں نے ایک ہزار سے زائد نمبر حاصل کرکے سکول میں نمایاں پوزیشن حاصل کی۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں (ستارہٴ امتیاز) نے مائرہ یونس اور دوسرے ہونہار طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں مثالی کارکردگی پرشاباش دی ہے۔ انہوں نے نمایاں کامیابی سمیٹنے والے بچوں کے والدین ‘ سکول انتظامیہ اور متعلقہ اساتذہ کومبارکباد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں مزید محنت سے کامیابیوں کی نئی منازل طے کریں گے۔