وہ وقت گزر گیا جب ایک کال پر کراچی بند ہوجاتا تھا ، ترجمان سندھ رینجرز

کراچی سے گرفتار کیے گئے ٹارگٹ کلر ز نے اپنا جرم قبول کرلیا ہے، قتل میں ملوث ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے

بدھ 26 جولائی 2017 22:08

وہ وقت گزر گیا جب ایک کال پر کراچی بند ہوجاتا تھا ، ترجمان سندھ رینجرز
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جولائی2017ء) ترجمان سندھ رینجرز کرنل قیصر خٹک کا کہنا ہے کہ کراچی کے حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں اور وقت گزر گیا جب ایک کال پر لاشیں گرتی تھیں اور پورا شہر بند کردیا جاتا تھا۔ پاکستان رینجرز کے ترجمان قیصر خٹک کا کہنا تھا کہ کراچی سے گرفتار کیے گئے ٹارگٹ کلر ز نے اپنا جرم قبول کرلیا ہے۔ ملزمان نے 17 جولائی کو 2 افراد کو اورنگی ٹاؤن میں قتل کیا تھا جب کہ قتل میں ملوث ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان میں محمد رحیم اور محمد دانش شامل ہیں اور ملزمان ست واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان نے بانی ایم کیو ایم ، ندیم نصرت ، قمر ٹیڈی اور بابو بھائی کے نام بتائے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے ساؤتھ افریقہ سیٹ اپ سے رابطے میں تھے۔ ملزمان کو بینک اکاؤنٹ میں 50 ہزار روپے بھجوائے گئے اور بانی ایم کیوا یم کے حق میں وال چاکنگ بھی کررہے تھے جب کہ بانی ایم کیو ایم نے ملزمان کو کارروائی مکمل کرنے پر شاباشی بھی دی۔

کرنل قیصر خٹک نے کہا کہ کراچی کے حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں اور اب وہ وقت گزر گیا ایک کال پر کراچی بند ہوجاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ کالعدم جماعتیں افغانستان سے کام کررہی ہیں جب کہ پولیس پر حملوں کے حوالے سے کافی شواہد اکٹھے کیے ہیں۔