ناسا نے اکتوبر میں زمین کے خاتمے کی افواہیں مسترد کردیں

پیر 31 جولائی 2017 19:13

ناسا نے اکتوبر میں زمین کے خاتمے کی افواہیں مسترد کردیں
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 جولائی2017ء)ناسا نے اکتوبر میں زمین کے خاتمے کی افواہیں مسترد کردین۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ناسا نے واضح کیا ہے کہ مستقبل قریب میں کسی بھی قسم کے خلائی اجسام سے زمین کو کوئی خطرہ نہیں۔اس سے پہلے انٹرنیٹ پر مختلف پوسٹس اور بلاگز میں مسلسل یہ افواہیں سامنے آرہی تھیں کہ نیبیرو جسے پلانیٹ ایکس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اکتوبر میں ہمارے نظام شمسی سے ٹکرانے والا ہے جس سے زمین پر قیامت برپاہوجائے گی۔

ان افواہوں کے مطابق ایک بڑا سیارہ زمین سے ٹکرا جائے گا اور سب کچھ تباہ کردے گا۔ناسا اس بارے میں کئی بار تردید کرچکا ہے۔خلائی ادارے کی ویب سائٹ میں 2012 سے موجود ایک بیان کے مطابق درحقیقت نیبیرو جیسے کسی سیارے کا وجود ہی نہیں اور جب وہ ہے ہی نہیں تو مستقبل قریب میں وہ زمین سے ٹکرا کر تباہی کا باعث بھی نہیں بن سکتا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ اگر یہ سیارہ حقیقی ہوتا اور زمین سے ٹکرانے والا ہوتا تو خلائی ماہرین کم از کم گزشتہ دہائی سے اس کی ٹریکنگ کررہے ہوتے اور وہ عام انسان بھی اپنی آنکھوں سے دیکھ سکتے، یقینا اس کا کوئی وجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوربینی یا کسی بھی ذریعے سے اس سیارے کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوسکی اور نہ ہی ایسے شواہد ملے ہیںکہ ہمارے نظام شمسی پر کسی قسم کے کشش ثقل کے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ان کے بقول اگر اتنی بڑی تباہی کا باعث بننے والا سیارہ آرہا ہوتا تو ہم اب تک اس کے کسی حصے کو دیکھ چکے ہوتے۔یہ پہلی بار نہیں کہ ناسا نے 'قیامت' کی افواہوں کے جوش و خروش پر ٹھنڈا پانی ڈالا ہو، اس سے قبل 2012 اور 2015 میں بھی اسی طرح کی افواہوں کی تردید امریکی خلائی ادارے نے کی تھی۔