رواں سیزن کے دوران کپاس کی 14.4 ملین گانٹھیں پیداوار حاصل کرنے کا ہدف ہے، وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری

پیر 31 جولائی 2017 20:43

رواں سیزن کے دوران کپاس کی 14.4 ملین گانٹھیں پیداوار حاصل کرنے کا ہدف ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جولائی2017ء) رواں سیزن 2017-18ئ کے دوران کپاس کی 14.4 ملین گانٹھیں پیداوار حاصل کرنے کا ہدف ہے۔ ملک بھر میں 3.11 ملین ہیکٹر رقبہ پر کپاس کاشت کی جائے گی جو گذشتہ سال کے مقابلہ میں 12 فیصد زائد ہے۔ وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق رواں سیزن کے دوران مقررہ اہداف میں سے 90 فیصد زائد حصہ پر کپاس کی کاشت مکمل کی جا چکی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق صوبہ پنجاب میں گذشتہ سال کے مقابلہ میں 18 فیصد سے زائد رقبہ پر کپاس کاشت کی جائے گی، صوبہ پنجاب میں 2.743 ہیکٹر اراضی پر کپاس کاشت کی جائے گی جبکہ صوبہ سندھ میں 0.598 ملین ہیکٹر رقبہ پر کپاس کاشت کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات اور کاشتکاروں کو فراہم کی جانے والی سبسڈی کے باعث کپاس کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ ہوا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری دیگر شراکت داروں کے تعاون سے کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے تربیتی پروگرام کا بھی انعقاد کر رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ان تربیتی پروگرامز اور سیمینارز سے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ کپاس کی فصل کے نقصان میں کمی آئے گی اور کسانوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہو گا۔ ۔