بھارتی تحقیقاتی ادارے نے سید علی گیلانی کے چھوٹے بیٹے کو بھی نئی دہلی طلب کرلیا

حریت رہنماء دیویندر سنگھ کو جموں سے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا

پیر 31 جولائی 2017 20:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جولائی2017ء) بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کے چھوٹے بیٹے کے نام بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں نئی دہلی طلب کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق این آئی اے نے ہفتہ کے روز سیدعلی گیلانی کے چھوٹے بیٹے نسیم گیلانی کو بھی نئی دلی طلب کرلیا ہے۔

اس سے قبل انکے بڑے ڈاکٹر نعیم گیلانی کو طلب کیا گیاتھا۔تاہم نعیم گیلانی دلی جانے سے قبل ہی بیمار ہوگئے تھے اور انہیں فوری طور پر صورہ ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں ڈاکٹروں کی زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔انہیں سینے میں شدید درد محسوس ہواتھا ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر نعیم گیلانی دل کے عارضے میں مبتلا ہیں اور پہلے بھی انکے دوآپریشن ہو چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں این آئی اے نے 7حریت لیڈروں کو گرفتار کرلیا ہے جن میں الطاف احمد شاہ، معراج الدین کلوال ، پیر سیف اللہ، ایازمحمد اکبر، شاہد الاسلام ،نعیم احمدخان اورفاروق احمد ڈار شامل تھے ۔ادھراین آئی اے نے جموں کے علاقے بخشی نگر میں حریت رہنماء اور معروف وکیل دیویندر سنگھ کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارکر انہیں بھی حراست میں لے لیاہے ۔ این آئی اے کی 8رکنی ٹیم جس میں دو ایس پی بھی شامل تھے ، نے گھر ودفتر پر چھاپہ مارکردیویندر سنگھ کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ۔

حریت رہنماء دیویندر سنگھ جو کہ جموںو کشمیر پیس فورم کے سربراہ بھی ہیں سید علی گیلانی کے قریبی ساتھی ہیں۔این ائی اے کا جموں میں یہ دوسراچھاپہ ہے اس سے قبل این آئی اے راگھواگروال اور کمل اگروال کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار ا تھا