بھارتی تحقیقاتی ادارے اور میڈیا کے خلاف قانونی کارروائی کی جائیگی ۔۔۔حریت کانفرنس

سید علی گیلانی کو پریس کانفرنس سے روکنے کی شدید مذمت

پیر 31 جولائی 2017 20:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ حریت قیادت نے بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے اور بھارتی ذرائع ابلاغ کی طرف سے حریت رہنمائوں اور انکے اہلخانہ کی کردار کشی کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ میڈیارپورٹ کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںحریت چیئرمین سید علی گیلانی کو گزشتہ روز بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے عائد کردہ جھوٹے اور بے بنیاد الزامات اور بھارتی میڈیا کی پروپیگنڈامہم کے خلاف حیدرپورہ سرینگر میں پریس کانفرنس کرنے کی اجازت نہ دینے کی شدید مذمت کی ۔

انہوںنے کہاکہ بھارتی پولیس اور انتظامیہ نے بھارت سے وفاداری کا حق ادا کرتے ہوئے سید علی گیلانی کی پریس کانفرنس کو ناکام بنادیا۔

(جاری ہے)

انکی رہائش گاہ کو چاروں طرف سے سیل کردیا گیاتھااور مین روڈ پر صحافیوں کو زبردستی روکا گیا تاکہ وہ پریس کانفرنس میں شرکت نہ کر سکیں۔انہوںنے کہا کہ انتظامیہ چاہتی ہے کہ لوگوں کو اصل صورتحال سے آگاہی فراہم نہ ہو اور بھارت کوحریت قیادت کی کردار کٴْشی کا موقع فراہم ہو۔

انہوںنے کہا کہ سید علی گیلانی کے خلاف بھارت روزِ اول سے ہی منفی پروپیگنڈا کرتا آیا ہے، کیونکہ وہ ہمیشہ سے کشمیر ی عوام کے اعتماد پر پورے اترے آئے ہیں ۔ اسی اعتماد کی وجہ سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر کبھی انکم ٹیکس کے چھاپے، کبھی ان کے بیٹوںکے متعلق رپورٹوں کہ وہ باہری دنیا میں رہ رہے ہیں اور کبھی جان لیوا حملے کرکے قتل کرنا چاہتے تھے۔

ان سب کارروائیوں کی ناکامی کے بعد اب این آئی اے کے ذریعے چھاپہ مار کر سیدعلی گیلانی کی عوامی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ترجمان نے واضح کیاکہ حریت چیئرمین نے سیاست کو عبادت جان کر اختیار کیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ حریت قیادت قوم کو اپنی مکمل جائیداد کا حساب دینے کے لیے ہمیشہ سے تیار ہے۔انہوںنے کہاکہ حریت چیئرمین یا ان کے بیٹوں نعیم گیلانی اور نسیم گیلانی اور داماد الطاف احمد شاہ کے پاس کوئی بھی ناجائز جائیداد نہیں ہے ۔

انہوںنے کہا کہ بھارت ہمیشہ سے حریت چیئرمین اور ان کے خاندان کے خلاف گھنائونی سازشیں رچاتا رہا ہے اور ان سازشوں سے وہ نہ تو کسی بھی صورت میں مرعوب ہوں گے اور نہ ہی تحریک آزادی سے دستبردار ہوں گے۔ حریت ترجما ن نے این آئی کی طرف سے جائیداد کے متعلق رپورٹ جس کو میڈیا کے ذریعے سے تشہیر کی جارہی ہے کو ڈھکوسلہ اور فراڈ قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔انہوںنے کہاکہ اس حوالے سے این آئی اے اوربھارتی میڈیا کے خلاف عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا گیاہے اور اس حوالے سے قانونی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہے۔