بھارت کشمیریوں کو زیر کرنے کے لیے ظالمانہ حربے آزماتا رہا لیکن ان کا جذبہ آزادی ختم نہیں کر سکا، اعظم انقلابی

منگل 1 اگست 2017 20:10

سرینگر ۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میںجموں وکشمیر محاذِ آزادی کے سربراہ اعظم انقلابی نے کہا ہے کہ بھارتی حکمران کشمیریوں کو زیر کرنے کے لیے ظالمانہ حربے آزماتے رہے لیکن ان کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کر سکے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اعظم انقلابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت کی فوجی بربریت نے کشمیرمیں جگہ جگہ جلیاں والا باغ کے مناظر پیش کئے اور لاکھوں کشمیریوں کو شہید کردیا ۔

انہوں نے کہا کہ پرامن طریقے سے جدوجہد کرنے والے مزاحمتی رہنماؤں اور کارکنوں کو جیلوں اور عقوبت خانوں میں ڈالا جارہا ہے اور اس طرح کشمیری نوجوانوں کو مسلح مزاحمت پر مجبور کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق ، محمد یٰسین ملک اورشبیر احمد شاہ جیسے سینئر مزاحمتی رہنماؤں نے پرُ امن سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کررکھاہے اور تحریک آزادی کے یہ رہنما کشمیری قوم کی پہچان ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگربھارتی حکمرانوں نے ضد اور ہٹ دھرمی کا رویہ ترک نہ کیا توپاکستان اور چین کی طرح دنیا کے دیگر ممالک بھی کشمیریوں کی حمایت کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے لیے بہتریہی ہے کہ وہ اپنے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کے وعدوں کا پاس و لحاظ رکھتے ہوئے کشمیریوں کو اپنی تقدیر کا فیصلہ خودکرنے کا موقع فراہم کرے۔

متعلقہ عنوان :