سابق وزیر اعظم نواز شریف کا مری سے براستہ جی ٹی روڈ لاہور جانے کا فیصلہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 2 اگست 2017 11:05

سابق وزیر اعظم نواز شریف کا مری سے براستہ جی ٹی روڈ لاہور جانے کا فیصلہ
مری (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 اگست 2017ء) : سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے براستہ جی ٹی روڈ لاہور جانے کا فیصلہ کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق اس ضمن میں مسلم لیگ ن نے اصولی فیصلہ کر لیا جبکہ حتمی فیصلہ سکیورٹی کلئیرنس کے بعد آج پارٹی اجلاس میں کیا جائے گا ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم چھانگلہ گلی سے مری روانہ ہوئے جہاں وہ شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے ساتھ ساتھ پارٹی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شرکت کے بعد نواز شریف براستہ جی ٹی روڈ لاہور روانہ ہوں گے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ قومی و صوبائیاسمبلیوں کے لیگی ارکان کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ جبکہ ن لیگی ارکان نے مقامی تنظیموں کو بھی تیاریاں کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ براستہ جی ٹی روڈ لاہور جانے پر نواز شریف کا روات ، گوجر خان، سوہاوہ ، جہلم ، لالہ موسیٰ، کھاریاں ، سرائے عالمگیر ، وزیر آباد، کامونکی اور گوجرانوالہ سمیت دیگر مقامات پر استقبال کیا جائے گا جبکہ لاہور پہنچنے پر سابق وزیر اعظم کارکنوں سے آخری خطاب کریں گے ۔