مسلم لیگ نون کے مشاورتی اجلاس میں وفاقی کابینہ کی تشکیل سے متعلق معاملات طے نہ ہوسکے ،حلف برداری ملتوی کردی گئی-نوازشریف کی زیرصدارت مری میں پارٹی کا مشاورتی اجلاس ختم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 2 اگست 2017 12:15

مسلم لیگ نون کے مشاورتی اجلاس میں وفاقی کابینہ کی تشکیل سے متعلق معاملات ..
 مری (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 اگست۔2017ء) حکمران جماعت مسلم لیگ نون کے مشاورتی اجلاس میں وفاقی کابینہ کی تشکیل سے متعلق معاملات طے نہ ہوسکے جس کے باعث حلف برداری ملتوی کردی گئی ہے۔وفاقی کابینہ نے آج شام حلف اٹھانا تھا لیکن اب حلف برداری کل ہوگی۔ایوان صدر کو اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزارت خارجہ، خزانہ، دفاع، داخلہ اور تجارت کے قلمدانوں کی تقسیم کے حوالے سے معاملات طے نہیں ہوسکے ہیں جس پر مزید مشاورت جاری ہے جو مکمل ہونے کے بعد ہی کل تقریب حلف برداری کا اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی نئی کابینہ کے حوالے سے اپنے مشورے سے لیگی قیادت کو آگاہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں نوازشریف کی زیرصدارت مری میں مسلم لیگ( ن) کا مشاورتی اجلاس ہوا ، اجلاس میں نو منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ‘وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف ‘چوہدری نثار علی خان اور پارٹی کے دیگر سنیئرراہنماء شریک تھے- اجلاس میں نئی کابینہ کی تشکیل‘ ملکی صورتحال ، حکومتی امورسمیت نیب ریفرنسز کے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی شہبازشریف کی بھی مری میں ملاقات ہوئی جس میں پنجاب میں جاری توانائی اورترقیاتی منصوبوں پرتبادلہ خیال سمیت سیاسی صورت حال اورآئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا ۔ شاہد خاقان عباسی مری پہنچے اور انہوں نے سابق وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات کی جس میں وزیراعلی شہبازشریف بھی موجود تھے ملاقات میں پنجاب میں جاری توانائی اورترقیاتی منصوبوں پرتبادلہ خیال سمیت سیاسی صورت حال اورآئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراءکے قلمدانوں سے متعلق تبادلہ خیال سمیت ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی غور کیاگیا تاہم بعض وزارتوں پر نام فائنل نہیں ہوسکے۔ نئی وفاقی کابینہ نے آج شام ساڑھے چھ بجے حلف اٹھانا تھا اور ایوان صدر میں تمام انتظامات بھی مکمل تھے- اطلاعات کے مطابق سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کابینہ میں شامل نہیں ہورہے اور انہوں نے پارٹی لیڈرشپ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

امکان ہے کہ کابینہ میں زیادہ ترسابق وفاقی وزرا ءہی شامل ہونگے تاہم خزانہ اور داخلہ جیسی اہم وزارتوں پر نون لیگ اور اتحادیوں میں معاملات طے نہیں ہوپارہے جبکہ پارٹی کے اندر بھی اہم وزارتوں کے لیے کشمکش پائی جارہی ہے۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی گذشتہ روز 221 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے تھے‘وہ ملک کے18ویں منتخب جبکہ مجموعی طور پر 28ویں وزیراعظم ہیں۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار سید نوید قمر نے 47 ووٹ حاصل کئے‘ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار شیخ رشید احمد نے 33 جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار صاحبزادہ طارق اللہ نے 4 ووٹ حاصل کئے۔

متعلقہ عنوان :