Live Updates

عائشہ گلالئی کی طرف سے عمران خان پرلگائے گئے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے‘راجہ عقیل

وزیراعظم کی توہین کرنے والے کشمیری قوم کے ساتھ مخلص نہیں ، کشمیری عوام نے عمران خان کی احتجاجی کال مسترد کرکے باغیرت قوم ہونے کا ثبوت دیا

بدھ 2 اگست 2017 14:06

عائشہ گلالئی کی طرف سے عمران خان پرلگائے گئے الزامات کی تحقیقات ہونی ..
کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2017ء) وزیرمال آزادحکومت سردار فاروق سکندر،مسلم لیگ(ن)ضلع کوٹلی کے صدر راجہ ایوب،کوٹلی حلقہ سے اُمیدوار اسمبلی یوسف ملک ، حلقہ چڑھوئی سے اُمیدوار اسمبلی راجہ اقبال اورمسلم لیگ(ن)حلقہ کھوئی رٹہ کے صدر راجہ عقیل نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کا وزیراعظم بننا سازشیوں کے منہ پر طمانچہ ،عائشہ گلالئی کی طرف سے عمران خان پرلگائے گئے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

پی ٹی آئی کی ممبر نیشنل اسمبلی کے الزامات سے لگ رہا ہے کہ عمران خان نے ’’پلے بوائے‘‘کا کھیل بند نہیں کیا، ایسا شخص عظیم پاکستانی قوم کا لیڈر بننے کے اہل نہیں۔وزیراعظم کی توہین کرنے والے کشمیری قوم کے ساتھ مخلص نہیں ، کشمیری عوام نے عمران خان کی احتجاجی کال مسترد کرکے باغیرت قوم ہونے کا ثبوت دیا۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر میںگنتی کے چند لوگ جو اوچھل کود کررہے ہیں یہ عمل اپنی نوکری بچانے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں،2016کے انتخابات کے مسترد شدہ لوگ جتنا مرضی زور لگا لیں عوام اُن کے ’’بہکاوے‘‘میں آنے والے نہیں۔

راجہ فاروق حیدر خان ہمارے قائد ،ہمارے وزیراعظم ہیں، لعنتی کرداروں کی ہرزہ سرائی کی ہم پروا نہیںکرتے،اچھا وقت آئے یا بُرااپنے قائد ایوان کے ساتھ چٹان بن کر کھڑے رہیں گے۔ میاں نوازشریف نے پاکستان کو تباہی سے اُٹھاکر اونچائی تک پہنچایا، ہمیں اپنی مرکزی قیادت پر فخر اور اُن کے اُجلے کردار پر ناز ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں میڈیا کو جاری اپنے الگ الگ اخباری بیان میں کیا۔

لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عمران خان کی یہ بری عادت ہے کہ اُن کے کان میں جوبات ڈالی جائے اُسے بلاتحقیق آگے پھیلاتے ہوئے سیاسی مخالفین پر الزامات داغ دیتے ہیں اب ایک لڑکی جو اُن کی اپنی جماعت کی طرف سے ممبر نیشنل اسمبلی ہے نے جو الزامات عمران خان پر لگائے ہیں اُنھیں جب تک کلیئر نہیں جاتا پاکستان کا بچہ بچہ اُن کو شک کی نظر سے دیکھے گا۔

انھوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی طرح نہیں ہیں کہ الزامات کو بغیر کسی تحقیق کے درست مان لیں اور لاٹھا لیکر اُن پر چڑھ دوڑیں لیکن عائشہ گلالئی کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین پر جو ’’بدکاری‘‘کا الزام لگا ہے اُس کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں سے خواتین کارکنان کا اخراج دال میں کچھ نہ کچھ کالا ہونے کا اشارہ کر رہے ہیں لگتا ہے کہ عمران خان نے ماضی کے ’’پلے بوائے‘‘کے کردار سے تاحال چھٹکارا نہیں پایا ہے اگر ایسا ہے تو عمران خان جیسا بدکردار شخص پاکستان کی عظیم قوم کا قائد بننے کا کسی صورت اہل نہیں ہے۔

لیگی رہنماؤں نے عائشہ گلالئی کی طرف سے وزیراعلیٰ پرویز خٹک پر لگائے گئے کرپشن کے الزامات کی شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔عمران خان نے وزیراعظم آزادکشمیر اور کشمیریوں کے سب سے مقبول لیڈر راجہ فاروق حیدر کی توہین کرکے پورے خطہ کے لوگوں کی تذلیل کی ہے یہی وجہ ہے کہ فاروق حیدر کے خلاف احتجاج کی دی گئی کال کو کشمیری عوام نے مسترد کردیا جس طرح نااہل اور نالائق سیاست دانوں کو 2016کے الیکشن میں لوگوں نے مسترد کردیا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ چند لوگ جو احتجاج کی راہ اپنائے ہوئے ہیں اُن کا مقصد اپنی نوکریاں بچانا ہے ،اُن کے لیے اتنا ہی کہنا چاہتے ہیں زور لگا لیں اور دیکھ لیں اُن کے ہاتھ کچھ نہیں آنے والا کیوں کہ باغیرت کشمیری اپنے قائد ،اپنے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کے ساتھ چٹان بن کر کھڑے ہیں ۔لیگی رہنماؤں نے میاں نوازشریف اور راجہ فاروق حیدر کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کا وزیراعظم پاکستان بننا نیک شگون اور سازشیوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ہم نئے وزیر اعظم کے انتخاب پر پوری قوم بالخصوص مسلم لیگی کارکنوں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :