مقبوضہ کشمیر ‘ بھارتی فوج کی پرتشدد کارروائیوں اور جانی نقصان کے خلاف عام ہڑتال

‘کاروباری مراکز ‘ تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہے ،ٹریفک کا نظام مفلوج ‘ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ریاست میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے ‘ حریت قائدین

بدھ 2 اگست 2017 15:40

مقبوضہ کشمیر ‘ بھارتی فوج کی پرتشدد کارروائیوں اور جانی نقصان کے خلاف ..
سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی نہتے مظاہرین کے خلاف پرتشدد کارروائیوں اور بڑے پیمانے پر خونریزی کے واقعات کے خلاف گزشتہ روز مکمل ہڑتال کی گئی ۔

(جاری ہے)

ہڑتال کی اپیل حریت قائدین نے کی تھی حریت قائدین سید علی گیلانی ‘ میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کی اپیل پر پلوامہ ‘ شوپیاں اور دیگر علاقوں میں نہتے مظاہرین کے خلاف بھارتی فورسز کی پرتشدد کارروائیوں کے خلاف کی گئی ہڑتال کے موقع پر وادی بھر میں تمام کاروباری مراکز ‘ تعلیمی ادارے ‘ دفاتر اور بنک بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کا نظام بھی مفلوج رہا ۔

اس موقع پر پلوامہ میں بھارتی فوج کے ہاتھوں حالیہ شہید ہونے والے تین نوجوانوں کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ حریت قائدین نے اپنے مشترکہ بیان میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی کشمیر کے حوالے سے غلط پالیسیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے اور قیمتی انسانی جانوں کا اتلاف جاری ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے بچے کسی شوق سے بندوق نہیں اٹھاتے بلکہ ایسا جموں و کشمیر کے چھوٹے سے خطے کو جیل خانہ بنانے کی وجہ سے ہے ۔ ۔