مقبوضہ کشمیر، شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت

قابض بھارتی اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں، آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے، علاقے میں ہڑتال

جمعہ 4 اگست 2017 16:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع اسلام آباد میں شہید ہونے والے نوجوان یاور نثار کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ شہید نوجوان کو اسلا م آباد کے علاقے شیر پورہ میں آپنے آبائی قبرستان میں آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیا گیا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے یاور نثار اور غلام محی الدین بٹ نامی دو نوجوانوں کو ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میں ہرپورہ کانیلوان کے مقام پر محاصرے کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔ غلا م محی الدین بٹ کا تعلق ضلع کولگام کے علاقے آرونی سے بتایا جاتا ہے۔ نماز جنازہ کے فوراً بعد علاقے میں بڑی تعداد میں تعینات قابض بھارتی فورسز کے اہلکاروں اور نوجوانوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق قابض بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی اور آنسوگیس کے گولے داغے۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں صورتحال کشیدہ تھی اور قابض اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا۔ دریں اثنانوجوانوں کی شہادت پر اسلام آباد قصبے اور اسکے ملحقہ علاقوں میں جمعہ کو مکمل ہڑتال کی گئی ۔

تمام دکانیں ، کاروباری مرکز اور تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت معطل رہی۔ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں متعدد نوجوانوں کی حالیہ شہادت پر شوپیاں اور کولگام کے اضلاع میںبھی جمعہ کو مکمل ہڑتال کی گئی۔ قابض انتظامیہ نے بھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کے لیے ا ن اضلاع میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکارو تعینات کر رکھے ہیں۔

متعلقہ عنوان :