پاک بھارت سرحدی علاقے اٹاری میں صوفی بزرگ کی درگارہ کے سجادہ نشین اور خادم مسلمان نہیں سکھ ہیں،رپورٹ

اتوار 6 اگست 2017 21:00

پاک بھارت سرحدی علاقے اٹاری میں  صوفی بزرگ کی درگارہ کے سجادہ نشین اور ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 اگست2017ء) پاک بھارت سرحدی علاقے اٹاری میں واقع صوفی بزرگ حضرت خدمت علی شاہ اور حضرت عظمت علی شاہ کی درگارہ کے سجادہ نشین اور خادم مسلمان نہیں بلکہ سکھ ہیں۔برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت اور پاکستان کے سرحدی علاقے اٹاری سے صوفی بزرگ حضرت خدمت علی شاہ اور حضرت عظمت علی شاہ کی درگارہ کے مناروں پر ہرے جھنڈے ہیں جن پر چاند تارے بنے ہوئے ہیں۔

عقیدت مندوں کے ہاتھوں میں چادریں ہیں جن پر یا تو کلمہ یا قرآن کی آیتیں لکھی ہوئی ہیں۔ درگاہ میں سجادہ نشین بھی ہیں۔مگر ان میں سے کوئی بھی مسلمان نہیں ہے۔ ان سب کا تعلق سکھ مذہب سے۔ درگاہ کی زیارت کرنے والے بھی اور اس کے دیکھ بھال کرنے والی بھی سب کے سب سکھ ہیں۔یہاں ہر ہفتے بدھ کے روز میلہ لگتا ہے جس میں قوالی ہوتی ہے، ثفافتی پروگرام ہوتے ہیں اور صوفی کلام پڑھا جاتا ہے اور لنگر بھی لگتا ہے۔

(جاری ہے)

درگاہ کی تاریخ پرانی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے یہ درگاہ اس وقت تعمیر کی گئی تھی جب یہاں مغل بادشاہ جہانگیر کی حکومت تھی۔ان کا خیال ہے کہ یہ درگاہ 1640 سے 1670 کے درمیان بنائی گئی تھی۔اس علاقے میں مغل بادشاہ جہانگیر کی آرام گاہ ہوتی تھی جہاں وہ اپنے سفر کے دوران ٹھہرا کرتے تھے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حضرت خذمت علی شاہ اور حضرت عضمت علی شاہ بھی اس دور میں یہاں آئے تھے۔

یہ صوفی سنت کس ملک، کس شہر سے آئے تھے اس کے بارے میں کسی کو کچھ معلوم نہیں ہے۔راجہ تال کے شہری بتاتے ہیں کہ ستر برس قبل یہ درگاہ بہت بری حالت میں تھی۔ درگاہ کھنڈر بن چکی تھی اور پیروں کی قبریں بری حالت میں تھیں۔ بٹوارے کے وقت جب مقامی مسلمان پاکستان چلے گئے اس کے بعد یہاں کے سکھوں نے اس درگاہ کی دوبارہ آبادکاری کا کام شروع کیا جس کے لیے مقامی لوگوں نے عطیہ دیا۔

راجہ تال میں ایک بڑی آبادی مسلمانوں کی تھی اور بٹوراے سے پہلے مسلمان ہی درگاہ کی دیکھ بھال کرتے تھے۔ 1640 کے قریب یہاں ایک مسجد بھی تعمیر کی گئی تھی لیکن اب وہ بری حالت میں ہے۔1949 میں ہندوستان کا بٹوارہ ہوا، پنجاب بھی تقسیم ہوا، اور راجہ تال کے مسلمان اپنا گھر بار چھوڑ کر سرحد پار چلے گئے۔راجہ تال کے بزرگ سوبا سنگھ کہتے ہیں پشتوں سے سکھوں کی عقیدت ان صوفی سنتوں میں رہی ہے۔

وہ کہتے ہیں ' بٹوارے کے بعد بھی سرحد پار کے مسلمان اس درگارہ پر آیا کرتے تھے اور چادر چڑھایا کرتے تھے۔ان کا کہنا تھا ' سرحد پر خار دار تاریں کچھ ہی سالوں پہلے لگائی گئی ہیں۔ جب خار دار تاریں نہیں تھی تب لوگ زیارت کے لیے یہاں آتے تھے۔ یہ میل ملاپ کی جگہ تھی۔ جب سے تاریں لگائی گئیں تب ہی سے سرحد پار کے لوگوں نے یہاں آنا بند کیا ہے۔درگاہ کی دیکھ بھال کرنے والے سکھ ضرور ہیں لیکن انہوں نے مسلمانوں کے رسم و رواج کو زندہ رکھا ہے۔

درگارہ کی ورکنگ کمیٹی کے صدر وراثت سنگھ بتاتے ہیں کہ 'عقیدت اپنے آپ میں مکمل ہوتی ہے۔ ہم سکھ ہیں، ہم گردوارہ جاتے ہیں۔ لیکن ان صوفی سنتوں میں بھی ہمارا یقین اتنا ہی مضبوط ہے۔ ملک کو تو تقسیم کر دیا گیا لیکن وہ ہمارے عقیدہ کو نہیں بانٹ سکے۔راجہ تال میں مسلمان آبادی نہیں ہے لیکن یہ درگاہ مقامی سکھوں کی عقیدت کا ایک اہم مرکز بن چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :