سب سے کامیاب سرمایہ کاری نئی نسل کی بہترین تعلیم و تربیت اور روشن کل کیلئے انہیںتمام سہولیات فراہم کرنے میں مضمر ہے،مظفرسید

بچے ہمارا مستقبل ہیں ،اگر آج ہم نے نئی نسل کی صحیح رہنمائی کی توہم ایک عظیم ملت کی تعمیر میں کامیاب ہو سکیں گے،وزیرخزانہ خیبرپختونخوا

پیر 7 اگست 2017 18:27

․پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سب سے کامیاب سرمایہ کاری نئی نسل کی بہترین تعلیم و تربیت اور روشن کل کے لئے انہیںتمام سہولیات فراہم کرنے میں مضمر ہے کیونکہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اوراگر آج ہم نے نئی نسل کی صحیح رہنمائی کی توہم ایک عظیم ملت کی تعمیر میں کامیاب ہو سکیں گے ۔

انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ آنے والے کل کے قائدین یہی بچے ہوںگے اس لئے قوم اور والدین کو ان سے بہت سی تمنائیں وابستہ ہیں اور وہ اپنی پڑھائی پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے اپنے ماں باپ اور قوم کی امیدوں کو شرمندہ تعبیر کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نشتر ہال پشاور میںالخدمت فاونڈیشن کے زیر اہتمام صوبے میں چلنے والے سکولوں کی سالانہ ٹیلنٹ ٹریبیوٹ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا جبکہ اس موقع پرالخدمت فاونڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص، اسلامی جمعیت طلبہ کے صوبائی ناظم اعلیٰ شاہکار عزیز و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں الخدمت فاونڈیشن کے مرکزی صدر میاں عبد الشکور، صوبائی جنرل سیکرٹری شاکر صدیقی، ڈپٹی ڈائریکٹر الخدمت فانڈیشن شعبہ تعلیم ڈاکٹر الیاس فاروقی ، ڈپٹی ڈائریکٹر فضل اللہ داودزئی سمیت اساتذہ طلبہ و طالبات اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے صوبائی وزیر نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن یتیم، بے سہار اور یتیم بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کا اہتمام کرتا ہے جو کہ حکومت وقت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

انہوںنے کہا کہ تشنگان علم کی آبیاری میں الخدمت فاونڈیشن کا کوئی سیاسی ایجنڈا شامل نہیں بلکہ وہ انسانیت کی خدمت اور پیغمبر اسلام کی تعلیمات کے مطابق اپنی ذمہ داری ادا کر رہاہے۔ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی اس قوم کی صحیح اور ایماندار قیادت کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھا رہی ہے اور قوم کا پیسہ قوم کی امانت سمجھ کر ہم پر ایک پائی کرپشن ثابت نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی اتحادی حکومت میں جماعت اسلامی کے وزیر کی حیثیت سے انہوں نے وفاق کے ساتھ این ایف سی ایوارڈ کے سلسلے میں صوبے کا مقدمہ بہتر انداز میں لڑا ہے اور گزشتہ سالوں سے وفاق 70 ارب روپے کے واجب الادا رقوم میں سے ہمیں 1991 سے نٹ ہائیڈل پرافٹ میں سالانہ 6 ارب روپے دیتا تھا جبکہ انکی کوششوں سے اب وفاق سالانہ 18 ارب روپے صوبے کو دیتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سکولوں میںناظرہ قرآن و ترجمہ لازمی قرار دیا جبکہ نجی سود کی بیخ کنی کیلئے بھی قانون سازی کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے اور ہم اسکے رکھوالے ہیںتا ہم اسکی بھاگ ڈور کل ان ننھے منھے بچوں کے کندھوں پر ہوگی لہذا وہ کل کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے آج سے تیاری کرلے اور بہتر تعلیم و تربیت حاصل کرے۔انہوں نے اس موقع پر معاشرے کی اصلاح کے بارے میں میڈیا کے کردار پر بھی زور دیا اور کہا کہ میڈیا معاشرے کو سدھارنے کیلئے عوا م کو حقیقت پر مبنی اور مثبت تصویر کشی پیش کرے تا کہ معاشرے کی اصلاح ہو سکیں۔ انہوں نے اس موقع پر بچوں میں اعزازات بھی تقسیم کئے اور انہیں داد دی ۔

متعلقہ عنوان :