آزاد وطن کے حصول کیلئے مسلمانان برصغیر نے لازوال قربانیاں دیں، محمد ارشد چوہدری

پیر 7 اگست 2017 18:27

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2017ء)تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کارکن وسابق وفاقی وزیر محمد ارشد چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد وطن کے حصول کیلئے مسلمانان برصغیر نے لازوال قربانیاں دیں، اب نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ ملکی تعمیر وترقی میں بھرپورحصہ لے۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں 70ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ’’میں نے پاکستان بنتے دیکھا‘‘ کے عنوان سے منعقدہ لیکچر کے دوران طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

محمد ارشد چوہدری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کاشکر ہے کہ ہم آج آزادفضائوں میں سانس لے رہے ہیں اگر ہم آزاد نہ ہوتے توہماری حالت شودروں سے بھی بدتر ہونی تھی، پاکستان کا قیام ماہ رمضان المبارک کی ستائیسویں بابرکت شب عمل میں آیااس وقت مسلمانوں کو بہت خوشی محسوس ہورہی تھی کہ دنیا کی سب سے بڑی اسلامی مملکت قائم ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کے دوران اللہ تعالیٰ نے ہمیں قائداعظمؒ اورعلامہ محمد اقبالؒ جیسے رہنما عطافرمائے جنہوں نے تمام مشکلات اوررکاوٹوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا،ہندو اور مسلمان ہر لحاظ سے الگ قوم ہیں اور یہی دوقومی نظریہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل مشاہیر تحریک آزادی کی حیات وخدمات کا مطالعہ کرے تاکہ انہیں معلوم ہو کہ وہ کیسا پاکستان چاہتے تھے،پاکستان انشاء اللہ تاقیامت قائم و دائم رہے گا۔ محمد ارشد چوہدری نے پروگرام کے دوران تحریک پاکستان‘1945-46ء کے انتخابات اور قائداعظمؒ کو دیکھنے کے حوالے سے چشم دید واقعات بھی طالبات کو سنائے۔