مضر صحت اور ملاوٹ شدہ اشیاء خورد ونوش کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں،میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز

پیر اگست 18:32

مضر صحت اور ملاوٹ شدہ اشیاء خورد ونوش کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں،میئر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست2017ء) مضر صحت اور ملاوٹ شدہ اشیاء خورد ونوش کی فروخت کسی صورت میں برداشت نہیں، میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) صحت مند اور خالص اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اہم کردار ادا کرے گی، ملاوٹ شدہ اور مضرِ صحت کھانے پینے کی اشیاء کے مسئلہ کو حکومت اور عوام مل کر ختم کر سکتے ہیں، معاشرتی جرموں میں غیر معیاری اشیاء کی فروخت کے مظہر صحت جزو کو ایک جامع اور مستقل بنیادوں پر مہم کے ذریعے ختم کیا جا سکتا ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈ ی اے شیخ انصر عزیز نے گذشتہ ہفتہ کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی صدارت میں سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میںمنعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران مئیر اسلام آباد و چیئر مین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ گذشتہ ہفتہ کے دوران خصوصی طور پر تشکیل دی گئیں، ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کی ٹیمیں شہر بھر میں چھاپے مار کر ملاوٹ شدہ اور حفظان صحت کے اصولوں کے منافی کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لاتی رہیں تاکہ معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنا یا جا سکے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس مہم کے پیش نظر ماہِ جولائی کے آخری ہفتہ کے دوران ان ٹیموں نے اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں کا روائیاں کر کے پاکستان پبلک پیور فوڈ آرڈیننس 1969ء کی کے بر عکس اشیاء ِ خورد و نوش فروخت کرنے کے خلاف73 کاروائیاں عمل میں لاتے ہوئے 25 افراد کے چالان جبکہ32 افراد کو نوٹسز بھی جاری کئے۔ علا وہ ازیں119 غیر معیاری ٹوٹے ہوئے برتنوں،37 لیٹر غیر معیاری کیچپ کو قبضہ میں لے کر موقع پر تلف کیا گیا۔

علاوہ ازیں 01 ہوٹل اور نان سینٹر کو جزوی طور پر سر بمہر کر نے سمیت غیر معیاری کھانے کی اشیاء کی11 نمونے حاصل کر کے لیبارٹری میں بھجوا دیئے گئے تاکہ حاصل ہونے والے نتائج کے مطابق قانونی کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔ میئر اسلام آباد و چیئر مین سی ڈی اے نے ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی ہے کہ غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف شہر بھر میں کا روائیاںجاری رکھی جائیں تاکہ لوگوں کو صاف ستھری اور معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ حفظان صحت کے اصولوں اور قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کا روائی کی جائے اور اس ضمن میں انہیں روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے۔