کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، وزیر خارجہ

مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں قیام امن ممکن نہیں ، حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں،وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف کی صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان سے ملاقات میں گفتگو

پیر 7 اگست 2017 18:32

کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، وزیر خارجہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 اگست2017ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں قیام امن ممکن نہیں ہے، کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ پیر کو وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف سے صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان نے ملاقات کی۔

ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان نے خواجہ آصف کو وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج اور خفیہ ایجنسیوں نے ظلم و بربریت کا بازار گرم کیاہوا ہے، مقوضہ کشمیر میں لوگوں کے کاروبار اور نجی املاک تباہ کئے جا رہے ہیں، زیر تعلیم طلباء و طالبات اور تدریسی عملے کو ہراساں کیا جاتا ہے، حکومت نے کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ اس موقع پر وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں قیام امن ممکن نہیں ہے، کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔