اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 18کے افسران کے لئے لازمی تربیتی کورس24ویں کے لئے 226افسران کی نامزدگیاں کر دیں

پیر 7 اگست 2017 19:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2017ء) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 18کے افسران کے لئے لازمی تربیتی کورس24ویں ایم سی ایم سی کے لئے 226افسران کی نامزدگیاں کر دیں ہیں ‘مڈکیئریئر مینجمنٹ کورس کے لئے کراچی ‘لاہور‘ پشاور ‘کوئٹہ اور اسلام آباد میں سینٹرز بنائے گئے ‘کورس 21اگست تا 24نومبر تک ہوگا۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کو بھجوائے گئے مراسلے کے مطابق 24ویں مڈکیئریئر منیجمنٹ کورس( ایم سی ایم سی) کے لئے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 20افسران ‘پولیس سروس آف پاکستان کی15افسران ‘آفس منیجمنٹ گروپ کے 15افسران ‘فارن سروس آف پاکستان کے 10افسران ‘انفارمیشن گروپ کے 5افسران ‘ان لینڈ سروس کے 10افسران ‘پاکستان کسٹم سروس کے 9افسران ‘کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ‘ملٹری لینڈ اینڈ کینٹونمٹس گروپ ‘وزارت فنانس (ایکس کیڈر) ‘وزارت دفاع (ایکس کیڈر) ‘محکمہ موسمیات ‘وزارت مذہبی امور( ایکس کیڈر) ‘اسٹیبلشمنٹ ڈویژن (ایکس کیڈر) کے دو دو افسران ‘گلگت بلستان ‘اے جے کے ‘کے پی کے اور دیگر صوبوں سے ایک ایک افسر کو نامزد کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

تمام نامزد افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 21اگست تک اپنے اپنے سینٹروں میں سالانہ میڈیکل ایگزامنیشن رپورٹس کے ہمراہ رپورٹ کریں ۔ کورس کا حصہ نہ بننے والے افسران معمول کی ترقی کے حق سے محروم ہوجائیں گے ۔