آزادی ٹرین ہفتہ کے روز اپنے سفر کا آغاز کرے گی

مختلف ثقافتوں ‘ ثقافتی ورثے کے ماڈلز کوحتمی شکل دینے کیلئے 100سے زائد کارکن کام میں مصروف

پیر اگست 19:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست2017ء) آزادی ٹرین کی تیاریاں راولپنڈی کیرج فیکٹری میں جاری ہیں جہاں 100 سے زائد مزدور پاکستان کے ثقافتی ورثہ کے مختلف ماڈلز کو حتمی شکل دینے کا کام کر رہے ہیں۔12اگست کو پاکستان کی 70 ویں یوم آزادی کی تقریب کے لیے آزادی ٹرین کا افتتاح کیا جائے گا۔یہ ٹرین اپنے سفر کا آغاز مارگلہ ریلوے سٹیشن سے کرے گی۔

(جاری ہے)

یہ پاکستان بننے کے آغاز،ہمارے ماضی اور روشن مستقبل کی عکاسی کرے گی اور اس کے ساتھ ہی ملک کے تمام صوبوں اور مختلف خطوں کی ثقافت کو بھی نمایاں کرے گی۔پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس نے 36 فنکاروں کا انتظام کیا ہے جن میں گلوکار،موسیقار اور پپٹ شو ایکسپرٹس آزادی ٹرین 2017 میں شامل ہوں گے۔یہ فنکار اور گلوکار تمام بڑے ریلوے سٹیشنوں پر جن میں پشاور، راولپنڈی، لاہور، ملتان، سکھر، کوئٹہ اور کراچی شامل ہیں, میں آزادی ٹرین کے شیڈول کے مطابق اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔آزادی ٹرین تمام بڑے ریلوے سٹیشنوں پر قیام کرے گی کہ علاقے کے لوگوں کو یہ موقع فراہم کرے کہ وہ اپنی خوبصورت ثقافت اورتاریخی ماڈلز کا نظارہ کر سکیں۔