پاکستان پوسٹ کا گزشتہ تین مالی سال کے دوران خسارہ 20 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد رہا‘ قومی اسمبلی میں جواب

پیر 7 اگست 2017 19:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2017ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان پوسٹ کا گزشتہ تین مالی سال کے دوران خسارہ 20 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد رہا‘ پاکستان پوسٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے کئی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت مواصلات کی جانب سے بتایا گیا کہ سال 2015-16ء میں پاکستان پوسٹ کی کل آمدن 10 ارب 23 کروڑ جبکہ اخراجات 17 ارب 72 کروڑ روپے رہے‘ اس طرح اس سال کا خسارہ سات ارب 48 کروڑ روپے رہا۔

مسرت احمد زیب کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے دوران اسلام آباد پشاور موٹروے کی باڑ کو اصل حالت میں رکھنے کے لئے 70 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ معیاری دیکھ بھال کے لئے 32 کروڑ 40 لاکھ روپے‘ ہائی وے سیفٹی پر تین کروڑ نوے لاکھ اور روزمرہ دیکھ بھال پر آٹھ کروڑ 27 لاکھ روپے کے اخراجات ہوئے۔ اسلام آباد سے پشاور تک مسافروں کی سہولت کے لئے بنائے گئے سٹیشنوں کو معیاری بنایا جائے گا۔