ْ آزادی کی تقریبات کے حوالے سے تمام اضلاع میں یونین کونسلز کی سطح پر کھیلوں کے مقابلے کروائے جائیں گے، حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن ا قدامات کر رہی ہے، چیف منسٹرجشن آزادی کرکٹ ٹورنامنٹ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے

وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ کا آزادی کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 7 اگست 2017 19:41

ْ آزادی کی تقریبات کے حوالے سے تمام اضلاع میں یونین کونسلز کی سطح پر ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2017ء) جشن آزادی کی تقریبات صرف لاہور تک محدود نہیں پنجاب کے تمام اضلاع میں یونین کونسلز کی سطح تک کھیلوں کے مقابلے منعقد کروائے جائیں گے،ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا الیکشن یا سیاسی معاملات سے کوئی تعلق نہیں، کھیلوں کے میدان جشن آزادی کے بعد بھی سارا سال سجتے رہیں گے، طلبہ و طالبات کو کھیلوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، حکومت پنجاب کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن قدم اُٹھانے کو تیار ہے، چیف منسٹرجشن آزادی کرکٹ ٹورنامنٹ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، نوجوانوں بالخصوص بچیوں کا مختلف شہروں سے آکر صوبائی سطح کے ٹورنامنٹس میں حصہ لینا خوش آئند امر ہے یہی کھلاڑی آگے چل کر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

(جاری ہے)

ان -خیالات کا اظہار صوبائی وزیر کھیل و اُمورِ نوجوانان جہانگیر خانزادہ نے کنیئرڈ کالج وویمن یونیورسٹی میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام وزیر اعلیٰ جشن آزادی کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی لاہور اور راولپنڈی کی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواتین کھلاڑی ہمارا فخر ہیں جو اتنی مشکلات اور پابندیوں کے باوجود کھیلوں اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لے کر ملکی استحکام میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں ۔

پنجاب کرکٹ اکیڈیمی کے سربراہ ظہیر عباس نے دونوں ٹیموں کی کوچز اور کھلاڑیوں کا صوبائی وزیر سے تعارف کروایا اورٹیموں کی سابقہ کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ ظہیر عباس نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ پنجاب کرکٹ اکیڈیمی صرف راولپنڈی اور لاہور کی ٹیم تک محدود نہیں رہے گی بلکہ جلد ہی دیگر اضلاع سے بھی طالبات کو صوبائی سطح پر کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے گا اور یہاں سے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے اُنھیں قومی سطح پر اپنا لوہا منوانے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

جہانگیر خانزادہ نے دونوں ٹیموں کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے اُنھیں مستقبل میں مزید مواقع فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔کھلاڑیوں نے صوبائی وزیر کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا اور ٹورنامنٹ کے انعقاد پر سپورٹس بورڈ پنجاب، کرکٹ اکیڈمی اور حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ان کے ساتھ کنیئرڈ کالج کی پرنسپل،کوچز اور سپورٹس ونگ کا سٹاف بھی موجود تھا۔

متعلقہ عنوان :