کپاس کی فصل کو رس چوسنے والے کیڑوں میں سفید مکھی سب سے زیادہ نقصان پہنچاتی ہے،محکمہ زراعت

منگل 8 اگست 2017 17:50

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2017ء) محکمہ زراعت پنجاب ملتان کے ترجمان نے کہا ہے کہ رس چوسنے والے کیڑوں میں معاشی نقصان کے لحاظ سے سفید مکھی سب سے زیادہ نقصان پہنچاتی ہے۔ سفید مکھی کے کپاس کے علاوہ تقریباً 500 سے زائد متبادل خوراکی پودے ہیں جن پر یہ کپاس کی فصل نہ ہونے کی صورت میں بھی سال بھر اپنا دوران زندگی جاری رکھتی ہے۔

کپاس کی فصل کو سفید مکھی کے بالغ اور بچے دونوں ہی رس چوس کر نقصان پہنچاتے ہیں۔ رس چوسنے کے عمل کے دوران، بالغ اور بچے اپنے جسم سے لیس دار ماردہ خارج کرتے ہیں جس پر بعد میں سیاہ رنگ کی اُلی لگ جاتی ہے جس سے ضیائی تالیف کا عمل متاثر ہوتا ہے۔ پودے کی بڑھوتری رک جاتی ہے اور پیداوار شدید متاثر ہوتی ہے۔ جڑی بوٹیاں نہ صرف سفید مکھی کو محفوظ پناہ گاہ مہیا کرتی ہیں بلکہ یہ سفید مکھی کی خوراک کا ذریعہ بھی بنتی ہیں۔

(جاری ہے)

سفید مکھی کے پھیلائو کی دوسری اہم وجہ غیر سفارش کردہ، غیر معیاری اور بار بار ایک ہی گروپ سے تعلق رکھنے والی زرعی زہروں کا بے دریغ استعمال ہے۔ سفید مکھی کی معاشی نقصان دہ حد 5 بالغ یا بچے فی پتا یا دونوں ملا کر 5 فی پتا ہو تو اس کے تدارک کیلئے ڈایافینتھوران 50 فیصد ایس سی 200 ملی لٹر یا تھایا کلوپرڈ 48 فیصد ایس سی / 24 فیصد اوڈی 50 سے 125ملی لٹر یا پائری پروکسی فن 10.8فیصد ای سی 500 ملی لٹر یا اسیٹا میپرڈ 20فیصد ایس ایل /ایس پی 125ملی لٹر بحساب فی ایکڑ 120 تا 150لٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں۔

متعلقہ عنوان :