صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں تعلیمی رینکنگ کے لحاظ سے ضلع حافظ آباد کا پہلی پوزیشن پر آنا مسلسل کاوشوں ،ان تھک محنت اور خلوص نیت سے فرائض کی ادائیگی کا ثمر ہے،توقع ہے کہ کامیابی کے اس معیار کو برقرار رکھنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی،

موجودہ ضلعی انتظامیہ اور ایجوکیشن ٹیم کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے ،وہ آئندہ بھی ایسی قابل ستائش کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے وفاقی وزیر برائے ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ کا ڈی سی آفس میں منعقدہ تقریب سے خطاب

منگل 8 اگست 2017 23:24

صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں تعلیمی رینکنگ کے لحاظ سے ضلع حافظ آباد ..
حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 اگست2017ء) وفاقی وزیر برائے ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے ڈپٹی کمشنر حافظ آباد اللہ دتہ وڑائچ ،سی ای او ایجوکیشن افتخار نواز ورک اور انکی پوری ٹیم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں تعلیمی رینکنگ کے لحاظ سے ضلع حافظ آباد کا پہلی پوزیشن پر آنا مسلسل کاوشوں ،ان تھک محنت اور خلوص نیت سے فرائض کی ادائیگی کا ثمر ہے،توقع ہے کہ کامیابی کے اس معیار کو برقرار رکھنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی،موجودہ ضلعی انتظامیہ اور ایجوکیشن ٹیم کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے ،وہ آئندہ بھی ایسی قابل ستائش کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔

وہ منگل کو ڈی سی آفس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بہترین کارکردگی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنے والے ایجوکیشن منیجرز،ڈی ایم او اور دیگر افسران میں تعریفی سرٹیفکیٹ اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ محدود مالی اور افرادی وسائل کے باوجود پہلے صحت اور اب تعلیم کے شعبہ میں صوبہ بھر میں اول آنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہمارے افسران اور اہل کار پوری تندہی ،محنت اور خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 100فی صد آئیڈیل کارکردگی اور نتائج کہیں بھی ممکن نہیں ہوتے اور ہر شعبہ میں بہتری کی گنجائش ہمہ وقت موجود رہتی ہے ۔اور اسی حقیقت کے پیش نظر ہمیں اس کارکردگی اور اعزاز کی خوشی منانے کے ساتھ خوب سے خوب تر کی جستجو کو جاری رکھنا ہوگا۔انہوں نے پنجاب میں ہر شعبہ بالخصوص تعلیم اور صحت میں مثالی اقدامات اور عالمی اداروں کی جانب سے بہترین نتائج کی تصدیق پر خادم پنجاب محمد شہباز شریف کو بالخصوص خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر صوبہ کے عوام کی خواہش ہے کہ کاش انہیں بھی شہباز شریف جیسا محنتی ،شفافیت اور میرٹ کی بالا دستی پر یقین رکھنے اور ہمہ وقت ٹھوس اقدامات اٹھانے والا وزیر اعلیٰ مل سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اللہ دتہ وڑائچ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی افتخار نواز ورک نے کہا کہ اس اعزاز کے پیچھے سابق ڈی سی او محمد عثمان اور محمد علی رندھاوا کی مسلسل محنت اور رہنمائی بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں جنکی محنت کی بدولت اس کامیابی کا حصول ممکن ہوا ہے ۔انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ اب پہلے سے بھی زیادہ لگن اور محنت سے فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے اس معیار کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔تقریب میں وفاقی وزیر اور ڈپٹی کمشنر نے سی ای او اور دیگر افسران کو سرٹیفکیٹ اور اعزازی شیلڈز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :