کیا 2017 کا سورج گرہن اگلے ماہ خفیہ سیارے ”نیبیرو“ کے زمین سے ٹکرانے کی وجہ سے ہے؟

منگل 8 اگست 2017 23:46

کیا 2017 کا سورج گرہن اگلے ماہ خفیہ سیارے ”نیبیرو“ کے  زمین سے ٹکرانے ..

پچھلے کچھ عرصے سے انٹرنیٹ کی بہت سی ویب سائٹ پر یہ دعویٰ کیاجا رہا ہے کہ اس اکتوبر میں دنیا ختم ہو جائے گی ۔ ماضی میں بھی اس طرح کے بے شمار دعوے کیے گئے جو سب غلط ثابت ہوئے۔ یہی حال اس موجودہ دعوے کا بھی ہوگا۔
آج کل ہونے والے دعوؤں کی بنیاد ڈیوڈ میاڈے کی کتاب Planet X – The 2017 Arrivalپر ہے۔ اس کتاب میں بتایا گیا ہے کہ نیبیرو(Nibiru) ، جسے Planet Xکے نام سے بھی جانا جاتا ہے، 23 ستمبر کو دنیا سے ٹکرا جائے گا۔

ڈیوڈ کے دعوے کو تقریباً سب سائنسدان جھٹلاتے ہیں۔ ڈیوڈ نے بھی اپنے دعوے کی بنیاد کسی سائنسی حقیقت پر نہیں بلکہ بائبل کے ایک اقتباس پر رکھی ہے۔اس سال کے شروع میں ڈیوڈ نے کہا تھا کہ سیارہ زمین سے اکتوبر میں ٹکرائے گا۔ آج کل ڈیوڈ نے اس تاریخ کو مزید چند ہفتے آگے کر دیاہے۔

(جاری ہے)

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ 21 اگست کو امریکا میں ہونے والا سورج گرہن اسی سیارے کی آمد کی کڑی ہے۔


ڈیوڈ نے اکتوبر میں زمین کے خاتمے کی پیش گوئی بائبل میں عہد نامہ قدیم کی کتاب یسعیاہ کے باب 13 کی آیت 10 کی بنیاد پر کی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ”9۔دیکھو خداوند کا وہ دن آتا ہے جو غضب میں اور قہر شدید میں سخت درشت ہے تاکہ ملک کو ویران کرے اور گنہگاروں کو اُس پر سے نیست و نابود کردے۔10۔ کیونکہ آسمان کے ستارے اور کواکب بے نور ہو جائیں گے اور سورج طلوع ہوتے ہوتے تاریک ہو جائے گا اور چاند اپنی روشنی نہ دے گا۔


اسی پیرا گراف کی بنا پر ڈیوڈ اور دیگر بہت سے لوگوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پلانٹ ایکس یعنی نیبیرو نامی سیارہ زمین سے ٹکرائے گا۔
ناسا ایسے تمام دعوؤں کی تردید کر چکی ہے۔ ناسا کا کہنا ہے کہ نیبیرو نام کا کوئی سیارہ وجود نہیں رکھتا۔ اگر کوئی ایسا سیارہ ہوتا تو ہم اسے دس سال پہلے دیکھ چکے ہوتے اور آج تو بغیر دوربینوں کے اپنی ننگی آنکھ سے دیکھ رہے ہوتے۔


2012 میں بھی نیبیرو سیارے کے زمین سے ٹکرانے کی خبریں آئیں تھی لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔ اب ایک بار یہ سیارہ موضوع گفتگو بن گیا ہے۔ کچھ لوگوں کو کہنا ہے کہ بائبل میں دنیا کے خاتمے کی جو نشانیا ں لکھی ہیں وہ اب پوری ہو رہی ہیں۔کچھ لوگ تو روس میں ٹڈیوں کے حملے کو بھی قیامت کی نشانی قرار دے رہے ہیں، حالانکہ ایسے حملے ہر سال ہوتے ہیں۔

21 اگست کے سورج گرہن کو بھی بہت سے لوگ دنیا کے خاتمے سے جوڑ رہے ہیں حالانکہ دنیا کی تاریخ میں طویل سورج گرہن کوئی نئی بات نہیں ہے۔
سائنسی طور پر بھی اس دنیا کا خاتمہ طے ہے لیکن یہ کب ہو گا اس کے متعلق ہم کچھ نہیں جانتے ۔ اس حوالے سے ہم اندازے ہی لگا سکتے ہیں، لیکن یہ اندازے سورج گرہن کی بنیاد پر نہیں بلکہ دیگر سائنسی حقائق کی بنیاد پر لگائے گئے ہیں۔ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ دنیا کے خاتمے کے حوالے سے ہونے والی بحث دنیا کے خاتمے تک جاری رہے گی.