وزیرآباد،سابق وزیراعظم نواز شریف وزیرآباد میں نہ رکے، 5ہزار کارکن صبح سے انتظار میں کھڑے تھے

جمعہ 11 اگست 2017 22:14

وزیرآباد،سابق وزیراعظم نواز شریف وزیرآباد میں نہ رکے، 5ہزار کارکن ..
وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2017ء) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اپنے مشن جی ٹی روڈ کے دوران وزیرآباد میں نہ رکے جہاں کم وبیش 5ہزار کارکن صبح سے انتظار میں کھڑے تھے۔میاں صاحب کا قافلہ وزیرآباد بائی پاس روڈ کے ذریعے شام 5.25 سیدھے گوجرانوالہ نکل گئے۔کارکن بد دل ہوئے اور بعض نے بینرز پھاڑ دیئے اور (ن) لیگ کے خلاف نعرے بھی لگائے۔

تفصیلات کے مطابق دریائے چناب سے مولانا ظفر علیخان چوک تک اندرون شہر سے گذرنے والی 6کلو میٹر طویل پرانی جی ٹی روڈ کو جہازی سائز کے بینروں اور پینا فلیکس سے سجایا گیا تھا۔ دو روز سے جی ٹی روڈ پر تمام کاروباری ادارے، پٹرول پمپ، فیکٹریاں ، فوڈ پوائنٹ اور سی این جی سٹیشن بند تھے اور عام آدمی کی آمد و رفت بھی محدود کر دی گئی تھی ۔

(جاری ہے)

دریائے چناب سے مولانا ظفر علیخان چوک تک پولیس نے روٹ لگا رکھا تھا اور تمام عمارتوں پر پولیس کے جوان تعینات کئے گئے تھے۔

وزیرآباد کے اللہ والا چوک میں ضلع گوجرانوالہ کا پہلا استقبالی کیمپ لگایا گیا تھا جس سے 200میٹر پہلے ایم این اے افتخار احمد چیمہ اور ان کے ساتھیوںنے اپنا علیٰحدہ استقبالی کیمپ لگا رکھا تھا۔اللہ والا چوک میں ایم پی اے شوکت منظور چیمہ اور چیئر مین بابو شعیب ادریس کم و بیش 5ہزار کارکنوں کے ہمراہ موجود تھے جو صبح سے میاں نواز شریف کا انتظار کر رہے تھے۔

شام 5.25پرمیاں نواز شریف کا قافلہ وزیرآباد کی حدود میں داخل ہوا اور اللہ والا چوک کی طرف جانے کی بجائے بائی پاس روڈ سے براہ راست گوجرانوالہ کے لئے روانہ ہو گیا۔میاں صاحب کی وزیرآباد میں نہ رکنے کی خبر نے کارکنوں میں کھلبلی مچا دی اور ان میں نا امیدی پھیل گئی۔کچھ کارکن سخت برہم ہو ئے اور (ن) لیگ کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی ۔کچھ کارکنوں نے "گو نواز گو"کے نعرے بھی لگائے اور استقبالیہ بینر تار تار کر دیئے۔ بعض کارکنوں نے اپنی گاڑیوں کے ساتھ پینا فلیکس اور بینر باندھ کر زمین بوس کر دیئے اور نعرے لگاتے ہوئے واپس لوٹ گئے۔

متعلقہ عنوان :