خیرپور میں ٍ جشن آزادی بھرپور قومی جوش اور جذبے کے تحت منانے کے لیے انتظامات مکمل

جمعہ 11 اگست 2017 23:30

سکھر۔ 11اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء)ضلع خیرپور میںیوم آزادی 14 اگست بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ،سرکاری،غیر سرکاری اسکولوں ، اداروں اور دیگر مقامات پر جشن آزادی کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے ۔ ڈی سی آفس میں اے ڈی سی ٹو محمد اقبال جنڈران کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلے کیے گئے ۔

محمد اقبال جنڈران نے کہا کہ پاکستان کا جشن آزادی منانا ہمارا قومی فریضہ ہے اور ہم زندہ قوم ہیں قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنے دیگر رہنمائوں کے ساتھ مل کر کامیاب منصوبہ بندی کے تحت آزاد ریاست حاصل کی جس میں لاکھوں فرزندان ملک نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے خود کو امر کرلیا جس کا تقاضہ ہے کہ ہم سب مل کر ان جانثاروں کو بھرپور خراج پیش کریںاور اپنی آنی والی نسلوں کو پاکستان کی تشکیل میں مشکلات اور دی جا نے والی قربانیوں سے آگاہی دیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی ای او تعلیم لیاقت علی خاصخیلی ، محرم علی پنہور، سیپکو انجینئر تجمل بیگ لغاری، ڈی ڈی حفیظ شیخ، اسکائوٹ آصف علی فاروقی، فقیر محمد دایو، ٹی ایم او اختر پٹھان، ٹی ای او نور محمد سہتو ، روٹرین شجاعت احمد صدیقی، ناز ہائی اسکول کے پرنسپل سرائی ساجد حسین سمیت اسکولوں کے ہیڈماسٹرز، این جی اوز کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

اجلاس میں 14 اگست کے پروگراموں کو حتمی شکل دی گئی جبکہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے 14 اگست کی شب ممتاز گرائونڈ میں فٹبال میچ منعقد کرنے اور رات 12 بجے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا گیا جس میںضلع چیئرمین شہریار وسان، ڈی سی خیرپور، ایس ایس پی پولیس، رینجرز کے ونگ کمانڈر اور دیگر معززین شہر مہمان خاص ہونگے اسی طرح 14 اگست جشن آزادی کے موقع پر مرکزی تقریب ناز ہائی اسکول کے سبزہ زار پر منعقد ہوگی جس میں 8.35 منٹ پر قومی پرچم لہرایا جائے گا اور پولیس، رینجرز، اسکائوٹ کی جانب سے قومی پرچم کو سلامی پیش کی جائے گی ۔

سیپکو انجینئر تجمل بیگ لغاری نے اجلاس کو بتایا کہ 14 اگست کو شہر بھر میں بجلی کی فراہمی بلا تعطل کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی ہے انہوں نے تمام اداروں کے افسران کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے پروگرام تحریری طور پر سیپکو آفس میں جمع کرائیں تاکہ متعلقہ علاقوں میں جشن آزادی کے پروگراموں کے دوران بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔