جون کے دوران کافی کی عالمی برآمدات میں 5.7 فیصد اضافہ

ہفتہ 12 اگست 2017 16:01

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2017ء)عالمی کافی آرگنائزیشن (آئی سی او) نے کہا ہے کہ جون کے دوران کافی کی برآمدات میں 5.7 فیصد اضافہ ہوا۔ عالمی میڈیا نے تنظیم کی جانب سے جاری رپورٹ کے حوالہ سے بتایا کہ جون کے دوران کافی کی عالمی برآمد 60 کلو گرام کے 10.44 ملین بیگ رہی جو 2016 کے اسی مہینے کی نسبت 5.7 فیصد زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اکتوبر میں شروع ہونے والے کافی سیزن کے پہلے 9 ماہ (اکتوبر تا جون ) کے دوران کافی کی مجموعی برآمد 92.29 ملین بیگ رہی جو اس سے پچھلے سیزن کے پہلے 9 ماہ کی نسبت 5.6 فیصد زیادہ ہے۔

جون کے دوران اربیکا کافی کی برآمد 6.55 ملین بیگ رہی جو گزشتہ جون کی نسبت 11.7 فیصد زیادہ ہے۔جون تک اربیکا کافی کی مجموعی برآمد 58.22 ملین بیگ رہی جو پچھلے سیزن کے اسی عرصے کی نسبت 7.3 فیصد زیادہ ہے۔روبسٹا کافی کی جون کے دوران برآمدات 3.89 ملین بیگ رہیں جو 2016 کے اسی عرصے کی نسبت 3.1 فیصد کم ہیں۔جون تک 9 ماہ کی روبسٹا کافی کی مجموعی برآمدات 34.08 ملین بیگ رہیں جو گزشتہ سیزن کے اسی عرصے کی نسبت 2.9 فیصد زیادہ ہیں۔