عوام عدلیہ اور فوج کیخلاف چور اور نااہل وزیراعظم کی کال پر باہرنہیں نکلیں گے،پرویزالٰہی

سپریم کورٹ کے فیصلہ سےعالمی سطح پرنوازشریف کی بدنامی اور پاکستان کا امیج بہتر ہوا،ریلی میں بھی غریبوں کو روندتے رہے،آئین میں وزیراعظم نہیں اسمبلی کی مدت درج ہے،ق لیگ کے مرکزی رہنماء کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 12 اگست 2017 18:21

عوام عدلیہ اور فوج کیخلاف چور اور نااہل وزیراعظم کی کال پر باہرنہیں ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 اگست 2017ء ) : مسلم لیگ(ق) کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ سے عالمی سطح پر نوازشریف کی بدنامی اور پاکستان کا امیج بہتر ہوا، نوازشریف اپنی کار ریلی میں بھی غریبوں کو روندتے رہے اور ہر جگہ لوگوں سے غلط بیانی سے کام لیا، آئین میں وزیراعظم کی نہیں اسمبلی کی مدت درج ہے یہ عوام کو سپریم کورٹ اور فوج کے خلاف نکالنا چاہتے ہیں لیکن لوگ چور اور نااہل وزیراعظم کی کال پر باہر نہیں آئیں گے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل ایک معصوم لڑکے سمیت دو افراد کو کچل دیا آج گوجرانوالہ میں بھی ایک شخص کو روند کر اپاہج بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف بار بار کہتے ہیں کہ مجھے مدت پوری نہیں کرنے دی گئی حالانکہ یہ مسلسل تیسری اسمبلی ہے جو آئین میں دی گئی اپنی مدت پوری کرنے جا رہی ہے اور ان کی نااہلی کے بعد بھی ان کی پارٹی کی حکومت ہے، وہ سپریم کورٹ کے بارے میں بھی غلط بیانی کر رہے ہیں، دو جج صاحبان نے کہا تھا کہ وہ صادق اور امین نہیں پھر تین ججوں نے پہلے والے دو ججوں کے ساتھ مل کر ان کی نااہلی کا متفقہ فیصلہ دیا۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ میں نوازشریف کی چوری اور کرپشن سامنے آنے سے ان کی دنیا بھر میں بدنامی اور جگ ہنسائی ہو رہی ہے جبکہ پاکستان کا امیج اور وقار بہتر ہوا ہے، اسلام آباد میں مختلف غیر ملکی سفیروں نے میرے ساتھ بات چیت میں اس فیصلہ کو تاریخی قرار دیا، اللہ تعالیٰ نے نوازشریف کو تین بار موقع دیا لیکن تینوں بار ناکام رہے، ملک کا تجارتی خسارہ اور قرضے اس وقت ریکارڈ سطح پر ہیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف 25 سال سے حکومت کر رہے ہیں لیکن یہ عوام کیلئے کچھ کرنے میں ناکام رہے اب نااہلی کے بعد پھر انقلاب کی بات کر رہے ہیں جبکہ 25 سال میں تو انقلاب نہیں لا سکے، نوازشریف کے اپنے حلقے گوالمنڈی میں واقع میو ہسپتال میں میرا قائم کردہ ساڑھے چار سو بیڈ پر مشتمل ایمرجنسی بلاک ان کی نالائقی کی وجہ سے اب تک چالو نہیں ہو سکا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے بارے میں نوازشریف کہتے تھے کہ جنگل کا قانون نہیں ہے، اب یہ ریلی میں پٹواری، تحصیل دار سرکاری ملازم اکٹھے کر کے جنگل کا قانون لانا چاہتے ہیں جب تک احتجاج کا کوئی مسئلہ نہ ہو، احتجاج نہیں ہوتا۔