اداروں کے درمیان تصادم کی کوئی صورتحال پیدا نہیں ہوئی ، نواز شریف

پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں‘ رانا ثناء اللہ نواز شریف نے کسی بھی مقام پر عدلیہ کی توہین نہیں کی ،مشن جی ٹی روڈ اب رکے گا نہیں ،پورے پاکستان میں پھیلے گا ‘ میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 12 اگست 2017 19:56

اداروں کے درمیان تصادم کی کوئی صورتحال پیدا نہیں ہوئی ، نواز شریف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2017ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ اداروں کے درمیان تصادم کی کوئی صورتحال پیدا نہیں ہوئی ، نواز شریف پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے جنگ لڑ رہے ہیں، ہم کسی کے خلاف سڑکوں پر نہیں آئے ،ریلی عوام کی اپنے قائد سے محبت اور اظہار یکجہتی کے لئے ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز داتا دربار کے قریب جلسے کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پع میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس ، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف سمیت دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ میاں نواز شریف نے تسلیم کیا ہے لیکن پاکستان کی عوام نے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے اور تاریخ فیصلہ کرے گی کہ یہ فیصلہ درست تھا کہ نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف دیئے گئے فیصلے کو بھی بعد میں ججز نے عدالتی قتل کہا او ر 1999ء میں جنرل پرویز مشرف کے غیر قانونی اقدام کو پہلے سپریم کورٹ نے درست کہا اور بعد میں اس فیصلے کو بھی غلط قرار دے دیا تھا حالانکہ 12ججز نے پرویز مشرف کو آئین میں ترمیم کرنے کا بھی کہا تھا اور تاریخ ثابت کرے گی اور خود وقت آنے پر سپریم کورٹ اپنے فیصلے کو غلط کہے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے حالات 70سالوں سے یہی ہیں ۔پاکستان میں جو تماشہ لگایا جارہا ہے اس کی وجہ سے ملک آگے نہیں بڑھ رہا ، آج ہم اس کے خلاف ہیں ۔یہ ریلی کسی ادارے یا کسی فرد کے خلاف نہیں نکالی جارہی بلکہ یہ عوام کی اپنے قائد کی محبت اور اظہا ر یکجہتی کے لیے ہے ،ہم کسی کے خلاف یہ سڑکوں پر نہیں آئے اور نہ ہی اس سے اداروں کے درمیان تصادم کی کوئی صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔تمام ادارے آئین پاکستان کے تابع ہیں اور اداروں میں کوئی تصاد م ہونے نہیں جارہا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف نے کسی بھی مقام پر عدلیہ کی توہین نہیں کی بلکہ وہ پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ مشن جی ٹی روڈ اب رکے گا نہیں بلکہ اب پورے پاکستان میں پھیلے گا ۔