ساڑھے 12ایکڑ تک اراضی کے کاشتکاروں کیلئے ایک سو ارب روپے کے بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیں،بلا سود قرضوں کا پروگرام زراعت کی ترقی اورچھوٹے کاشتکار کی خوشحالی کا عظیم پروگرام ہے،زرعی معیشت مضبوط ہو گی

وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی منتخب نمائندوں کے ساتھ گفتگو

ہفتہ 12 اگست 2017 21:13

ساڑھے 12ایکڑ تک اراضی کے کاشتکاروں کیلئے ایک سو ارب روپے کے بلاسود قرضے ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2017ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسان پیکیج کے تحت کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور اربوں روپے کے کسان پیکیج کے باعث کاشتکاروں کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل رہا ہے اوررواں برس گندم کی شاندار فصل سے چھوٹے کاشتکار کو فائدہ پہنچا ہے جبکہ فصلوں کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ زیر کاشت رقبے میں بھی اضافہ ہوا ہے، امید ہے کہ آئندہ فصلوں کی اچھی پیدوار سے کاشتکار معاشی طور پرمزیدخوشحال ہو گا - وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار منتخب نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کاشتکارمیرے بھائی ہیںاور ان کی فلاح وبہبود مجھے بے حد عزیز ہے - پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کاشتکاروں کے مفادات کا ہر سطح پر تحفظ کیا ہے -انہوںنے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کیلئے بلا سود قرضوں کی فراہمی کا پروگرام زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اوراس پروگرام کے تحت صرف6 ماہ کی قلیل مدت میں 1 لاکھ 60ہزارسے زائد چھوٹے کاشتکاروں کو بلاسود قرضے دیئے گئے ہیں جبکہ مجموعی طورپر ساڑھے 12ایکڑ تک اراضی کے کاشتکاروں کیلئے ایک سو ارب روپے کے بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیںاورپنجاب بھر میں 6لاکھ چھوٹے کسان بلاسود قرضے کے اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام سے چھوٹے کاشتکار کو اس کا حق دیا ہے اور بلا سود قرضوں کی فراہمی کا پروگرام کاشتکارکو با اختیار بنانے کی جانب اہم اقدام ہے - ملک کی تاریخ میں پہلی بار چھوٹے کسانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کے شاندار پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہاہے اور بلا سود قرضوں کی فراہمی کے اس پروگرام سے زرعی پیداوار بڑھے گی اور چھوٹا کاشتکار خوشحال ہو گا اوریہ پروگرام پنجاب میں حقیقی معنوں میں سبز انقلاب برپا کرنے کا باعث بنے گا۔

انہوںنے کہا کہ اس پروگرام پر عملدرآمد کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے شفاف اور فول پروف نظام بنایا گیا ہے ،جس سے صرف چھوٹا کاشتکار ہی فائدہ اٹھائے گااور اس پروگرام سے بے زمین کاشتکار بھی مستفید ہورہے ہیںجبکہ ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے کاشتکاروں کیلئے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنایا گیا ہے - انہوںنے کہا کہ چھوٹے کاشتکارکی ترقی کے بغیر زراعت کبھی پھل پھول نہیں سکتی-بلا سود قرضوں کا پروگرام زراعت کی ترقی اورچھوٹے کاشتکار کی خوشحالی کا عظیم پروگرام ہے اورزرعی معیشت اس سرمایہ کاری سے مضبوط ہو گی- انہوںنے کہا کہ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں ہزاروں کلو میٹرکارپٹڈ دیہی سڑکیںتعمیر کی گئی ہیںاوراربوں روپے کی لاگت سے اس پروگرام سے دیہی آبادی کو آمدو رفت کی بہتر سہولتیں ملی ہیں اوراس پروگرام نے روایتی دیہی طرز زندگی کو جدید بنانے میں اہم کردارادا کیا ہے ۔

دیہی سڑکوں کی تعمیر سے دیہی معیشت بہتر ہوئی ہے اور زراعت کے شعبے پر بھی اچھے اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ اس پروگرام سے کاشتکاروں کو اپنی زرعی اجناس منڈیوں تک لیجانے کی بھی سہولت ملی ہے ۔انہوںنے کہا کہ زراعت کو قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ۔زراعت پاکستان کی خوشحالی،برآمدات بڑھانے کی ضمانت اور زرمبادلہ کمانے کا ذریعہ ہے ۔کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گااور معیشت مضبوط ہوگی ۔زراعت کی اس اہمیت کے پیش نظر پنجاب حکومت نے زرعی شعبہ کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔زراعت کے فروغ،چھوٹے کاشتکارکی فلاح اورفی ایکڑ پیداوارمیں اضافے کیلئے انقلاب آفرین اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :