وزیراعظم نے کراچی کیلئے 25 ارب روپے ،حیدرآباد کیلئے 5 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کردیا

پیکیج کے تحت انفرا اسٹرکچر و دیگر منصوبوں کو مکمل کیا جائیگا، نگرانی گورنر سندھ کریںگے، وزیراعظم نوازشریف نے کسی ادارے کو ٹارگٹ نہیں کیا سپریم کورٹ نے ان کی نااہلی کے حوالے سے جو فیصلہ دیا انہوںنے من وعن قبول کیا ہے، ریلی کسی کیخلاف نہیں ،اپنے گھر لاہور پہنچے ہیں، ایم کیو ایم کے مطالبات اور مسائل کو حل کیا جائیگا،کراچی ایئرپورٹ پر پریس کانفرنس

ہفتہ 12 اگست 2017 22:35

وزیراعظم نے کراچی کیلئے 25 ارب روپے ،حیدرآباد کیلئے 5 ارب روپے کے ترقیاتی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی کے لیے 25 ارب روپے اور حیدرآباد کے لیے 5 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کردیا ہے۔ پیکیج کے تحت انفرا اسٹرکچر اور دیگر منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔ کراچی اور حیدرآباد کے ترقیاتی پیکیجز کی نگرانی گورنر سندھ کریںگے، نوازشریف نے کسی ادارے کو ٹارگٹ نہیں کیا سپریم کورٹ نے ان کی نااہلی کے حوالے سے جو فیصلہ دیا تھا انہوںنے من وعن قبول کیا ،نوازشریف کسی کیخلاف ریلی نہیں نکال رہے ہیں بلکہ وہ اپنے گھر لاہور پہنچے ہیں۔

ایم کیو ایم نے بغیر کسی شرط کے میری حمایت کی ،مطالبات اور مسائل کو حل کیا جائے گا۔ رینجرز کراچی میں امن وامان کے لیے اپنا کام جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتے کی شام کراچی ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیرداخلہ احسن اقبال، گورنر سندھ محمد زبیر سمیت مسلم لیگی رہنما بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرا دورہٴ کراچی کے دوران ایم کیو ایم، لیگی رہنماؤں اور تاجر برادری سے ملاقات ہوئی ہے۔ ایم کیو ایم نے بغیر کسی شرط کے مجھے وزیراعظم کے عہدے پر ووٹ دیا، ایم کیو ایم پاکستان ایک سیاسی جماعت ہے ان کے وفد سے آج مثبت ملاقات رہی ہے، ان کی مشکلات حل کی جائیںگی۔ انہوںنے کہا کہ تاجر برادری سے بھی ملاقات اچھی رہی۔ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے لیے تاجر برادری کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرے گی۔

اگر صنعتیں بڑھیںگی تو برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ اس سال وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کردیا ہے اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کریںگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ جب پارٹی چاہے گی وزیراعظم کے عہدے پر کام کرتا رہوںگا، نوازشریف اب بھی ہمارے وزیراعظم ہیں، سپریم کورٹ نے ان کی نااہلی کے حوالے سے فیصلہ کیا ہے اسے انہوںنے من وعن تسلیم کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میاں نوازشریف کسی ادارے کو ٹارگٹ کررہے ہیں اور نہ ہی انہوںنے کسی کے خلاف ریلی نکالی ہے۔ انہوںنے کہا کہ نوازشریف نے اپنی سیاسی خیالات کا اظہار کیا ہے جو ہر ایک کا سیاسی حق ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گورنر سندھ کوئی سیاسی کام نہیں کررہے اور نہ ہی سیاسی معاملات میں دخل اندازی کررہے ہیں۔ وہ صوبے کی ترقی اور امن وامان کی صورت حال کی بہتری کے لیے وفاق کے نمائندے کے طور پر ملاقاتیں کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے ٹی وی دیکھنے کا موقع کم ملتا ہے۔ عوام نے اپنا جواب نوازشریف کو خوش آمدید کرکے دے دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ غوث علی شاہ سے میرے ذاتی تعلقات ہیں اور وہ میرے جیل کے ساتھی رہے ہیں وہ لیگی رہنما ہیں ہم ان کی بہت عزت کرتے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کراچی کے لیے 25 ارب روپے کے پیکیج کا علان کیا اس پیکیج کے تحت شہر میں انفرااسٹرکچر کی بہتری، صنعتوں کی بہتری، پانی کی اسکیم اور دیگر منصوبے شروع کیے جائیںگے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی میں اسپتال اور میڈیکل کالج قائم کیاجائے گا۔ انہوںنے کہا کہ گرین لائن بس منصوبہ بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوںنے حیدرآباد کے لیے بھی 5 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا اور کہا کہ اس پیکیج کے تحت حیدرآباد کے مسائل حل کیے جائیںگے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ رینجرز شہر کی بہتری کے لیے کام کررہی ہے وہ اپنا کام جاری رکھے گی۔