پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا تین رکنی وفد امریکہ کے دورے پر روانہ

کارپٹ کی عالمی نمائش 5تا7اکتوبر لاہور کے مقامی ہوٹل میںمنعقد ہو گی جس کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں پاکستان میں عالمی معیار کی حامل نمائش کے انعقاد کیلئے اپنی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں ‘ریاض احمد

اتوار 13 اگست 2017 12:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا تین رکنی وفد لاہور میں منعقد ہونے والی کارپٹ کی عالمی نمائش کی مارکیٹنگ اور بڑے خریداروں کو راغب کرنے کیلئے امریکہ کے دورے پر روانہ ہو گیا ۔ کارپٹ کی عالمی نمائش 5تا7اکتوبر لاہور کے مقامی ہوٹل میںمنعقد ہو گی جس کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔

ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین ریاض احمد کی سربراہی میں روانہ ہونے والے وفد میں لطیف ملک اور خواجہ میر مدثر شامل ہیں ۔روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ریاض احمد نے کہا کہ پاکستان میں عالمی معیار کی حامل نمائش کے انعقاد کیلئے اپنی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں جس کے لئے گزشتہ کئی ماہ سے بیرون ممالک مندوبین سے رابطے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

ہمیں قوی امید ہے کہ یہ نمائش نہ صرف کارپٹ انڈسٹری بلکہ معیشت کی مجموعی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ نمائش کی کامیابی کیلئے حکومت کا تعاون نا گزیر ہے اور اس سلسلہ میں متعلقہ حکومتی اداروں سے ملاقاتیں کر کے اپنی درخواستیں پیش کر چکے ہیں، قوی امید ہے کہ حکومتی ادارے عالمی نمائش کی کامیابی کیلئے نہ صرف تمام وعدے پورے کریں گے بلکہ اس کے لئے اپنی توانائیاں بھی صرف کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ کے دورہ کے دوران پاکستان کے شہر لاہور میں اکتوبر میں منعقد ہونے والی کارپٹ کی عالمی کی مارکیٹنگ اور وہاں کے بڑے مقامی خریداروں کو راغب کیا جائے گا اور اس کے لئے ایک مربوط پلان ترتیب دیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ دورے کا مقصد پاکستانی کارپٹ انڈسٹری کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش اور اس صنعت میں امریکی کاروباری برادری کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کا فروغ ہے۔ پاکستانی کارپٹ معیار اور خوبصورت کے لحاظ سے دنیا میں اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں اور ہمیں قوی امید ہے کہ ہمارا دور انتہائی کامیاب ثابت ہوگا جس سے ہمیں امریکی منڈیوں میں بھی جگہ بنانے میں کامیابی حاصل ہو گی ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کارپت کی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کے لئے حکومت کو مینو فیکچررز کو درپیش مسائل کے حل کے ساتھ انہیں سہولیات اور مراعات بھی فراہم کریں ۔