بھارتی فوج کی بربریت‘ ضلع شوپیاں میں3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا

جھڑپ میں2 فوجی ہلاک ، کئی زخمی، قابض فورسز کی پیلٹ فائرنگ سے متعدد کشمیری زخمی

اتوار 13 اگست 2017 13:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع شوپیاں میں3کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے اونیرہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔فوجیوں نے علاقے میں آپریشن کے دوران ایک مسجد کے علاوہ چار رہائشی مکانات گولہ باری کر کے مسمار کر دیئے۔

آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔ قبل ازیںعلاقے میں فوجیوں اور مجاہدین کے درمیان ایک جھڑپ کے دوران 2فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔فوجی آپریشن اور نوجوان کی شہادت پر علاقے میں زبردست بھارت مخالف مظاہرے پھوٹ پڑے ۔

(جاری ہے)

قابض فورسز کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بے تحاشا پیلٹ برسائے جس کے باعث متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

دریں اثنا ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے بھارتی فوج کی ایک گشت کرنے والی پارٹی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میںتین اہلکار زخمی ہو گئے۔ادھر گزشتہ شام سرینگر کے علاقے ڈلگیٹ میں ایک دھماکے میںزخمی ہونے والا شہری امتیاز احمد میر اتوار کی صبح سرینگر کے ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔