رواں مالی سال میں کشمیر کارڈیالوجی سنٹرمیرپور میں کیتھ لیب قائم ہوجائے گی‘ڈاکٹر بشیر چوہدری

حکومت نے آزاد کشمیر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں فری ایمرجنسی سہولیات فراہم کرکے ایک تاریخی کارنامہ سرانجام دیاہے

اتوار 13 اگست 2017 14:20

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء)آزاد جموں وکشمیر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بشیر چوہدری نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے آزاد کشمیر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں فری ایمرجنسی سہولیات فراہم کرکے ایک تاریخی کارنامہ سرانجام دیاہے۔رواں مالی سال میں کشمیر کارڈیالوجی سنٹرمیرپور میں کیتھ لیب قائم ہوجائے گی جہاں راولپنڈی انسٹیٹویٹ آف کارڈیالوجی اور الشفاء انٹرنیشنل ہسپتال کے ماہرین امراض ڈاکٹرز کی خدمات لی جائیں گی ۔

کے آئی سی میں کیتھ لیب قائم ہونے کے باعث امراض قلب کی انجوگرافی اورانجوپلاسٹی کی سہولیات میسر آسکیں گی۔ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میرپور آزاد کشمیر کا سب سے بڑا ہسپتال ہے جہاں ایک سو سے زائد ڈاکٹر تعینات ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈی ایچ کیو کی نئی بلڈنگ تعمیر ہونے کے بعد دیگر شعبہ جات بھی قائم کیے جائیں گے۔وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کے ویژن اور سیکرٹری ہیلتھ میجر جنرل خالد حسن اسد کی کاوشوںسے آزاد کشمیر میں صحت عامہ کی جدید سہولیات کی فراہمی ممکن ہورہی ہے۔

خون کے عطیات دینے سے جسم کمزور نہیں ہوتا ۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO)اور حکومت آزاد کشمیر Safe Blood Transfusion Programm صاف اور محفوظ خون کے لئے بلڈ بنیک ،لیبارٹریوں میں خون جمع کرنے کے طریقہ کار اور حفاظتی اقدامات کے پروگرامز پر سو فیصد عمل کرنا ہوگا تب جاکر جمع شدہ خون کسی دوسرے مریض کے لئے فائدہ مند ہوسکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیف بلڈ ٹرانسفیوژن پروگرام اور صحت عامہ کے تعاون سے ایک روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نیشنل کوارڈینٹرسیف بلڈ ٹرانسفیوژن پروگرام پروفیسر ڈاکٹرحسن عباس ظہیر،عثمان وحید اور اخلاق وزیر نے بطور ماہر خون کے کلینکل استعمال کے بارے میں بریفننگ دی۔ڈویژنل ہیڈکوارٹرٹیچنگ ہسپتال و پروگرام کوارڈینٹر ڈاکٹر زاہدہ قاسم نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیئے۔ورکشاپ میں وائس چانسلر مسٹ پروفیسرڈاکٹر راجہ حبیب الرحمان،محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر میاں عبدالرشید ،میڈکل سپرٹینڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فاروق نور،پروگرام کوارڈینٹر ڈاکٹر زاہدہ قاسم نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پرسابق سیکرٹری حکومت شوکت مجید ملک، ڈی ایچ او ڈاکٹر اصغر علی ،ڈاکٹر طارق مغل ،ڈاکٹر ریاست،ڈاکٹر مقبول ،نرسنگ ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کی سیکرٹری جنرل محترمہ جمیلہ رجب ،عظیم کے علاوہ ضلع میرپور ،کوٹلی اور بھمبر سے ڈاکٹرز،لیباٹری،نرسنگ وپیرامیڈیکل سٹاف، سول سوسائٹی کے چیدہ چیدہ افراد نے شرکت کی ۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے مسٹ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرحبیب الرحمن نے کہاکہ طب کا شعبہ دکھی انسانیت کی خدمت کافریضہ ہے۔ اس شعبے کی خدمت سے انسانی جانوں کوبچایاجاسکتاہے۔ مسٹ یونیورسٹی میںبلڈ ایسوسی ایشن قائم ہے ۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال کو جب بھی خون کے عطیات کی ضرورت ہوتو مسٹ یونیورسٹی کے طلباء وطالبات واساتذہ بھرپور معاونت کریں گے۔

انھوں نے کہاکہ کشمیرکارڈیالوجی سنٹرکے بانی اور ممتاز سماجی وکاروباری شخصیت حاجی محمدسلیم کی وفات سے آزادکشمیر انسانیت کی خدمت کرنے والے محسن شخص سے محروم ہوگیاہے۔ انھوں نے ہمیشہ غریب پروری کی اور مسٹ یونیورسٹی کے کئی ہونہار طلباء وطالبات کی سالانہ فیسز اپنی جیب سے ادا کرتے تھے۔ انھوں نے کہاکہ حاجی سلیم جیسے انسان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔

انھوں نے کہاکہ بلڈ ڈونیشن کے سلسلہ میں یونیورسٹی کی تمام خدمات حاضرہیں۔ پرنسپل محترمہ بے نظیرمیڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرمیاں عبدالرشید اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرفاروق نور نے کہاکہ شعبہ طب سے وابستہ ہرفرد اگراپنے رویے میں مثبت تبدیلی لے آئے تو اس کے نہ صرف مثبت اثرات پڑیں گے بلکہ ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کے لواحقین بھی مطمئن ہونگے۔

انھوں نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں بہترین سروسز فراہم کی جاتی ہیں۔ لیکن کسی ایک شخص کے رویے کی خرابی کے باعث ان پرپانی پھرجاتاہے۔ انھوں نے کہاکہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ ڈاکٹر اپنی طرف سے بھرپورکوشش کرتے ہیںکہ انسانی جان کوہرحالت میں بچایاجائے ۔ انھوں نے کہاکہ ہستپالوں میں آنے والے بعض مریض زندگی کی کشمکش میں ہوتے ہیں ۔

ہمارے تلخ لہجوں کی وجہ سے لواحقین کی تکلیف میں مزید اضافہ ہوجاتاہے۔ انھوں نے کہاکہ میں نے کوشش کی ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ایمرجنسی میں آنے والے ہرمریض کو ترجیح بنیادوں پرعلاج معالجہ کی سہولیات میسر ہوں۔ انھوں نے کہاکہ آزادجموںوکشمیر میں ایمرجنسی ہیلتھ سروسز شروع ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال میں کوئی ایک شکایت ہسپتال کے عملہ کے بارے میں نہیں ملی۔ انھوں نے کہاکہ ایمرجنسی سروسز کی فراہمی سے حکومت کی نیک نامی میںجہاں اضافہ ہواہے وہاں محکمہ صحت عامہ کی کارکردگی بھی نمایاں ہوئی ہے۔