دہشت گردوں کی کمر توڑی جا چکی ہے‘ جلد دہشت گردوں کی کارروائیاں بھی 100 فیصد ختم ہوجائیں گی۔ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا نہیں ہے بلکہ یہ دہشت گردوں اور ملک کے دشمنوں کو نیچا دکھانے کا وقت ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 13 اگست 2017 14:25

دہشت گردوں کی کمر توڑی جا چکی ہے‘ جلد دہشت گردوں کی کارروائیاں بھی ..
کوئٹہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 اگست۔2017ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی کمر توڑی جا چکی ہے اور بہت جلد دہشت گردوں کی کارروائیاں بھی 100 فیصد ختم ہوجائیں گی۔ دشمن چالاک اور پاکستان کے حوالے سے برے عزائم رکھتا ہے لہٰذا یہ وقت ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا نہیں ہے بلکہ یہ دہشت گردوں اور ملک کے دشمنوں کو نیچا دکھانے کا وقت ہے۔

بعض سیاسی عناصر پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور اسی لیے قوم کو متحد رہنے کی ضرورت ہے اور تمام اختلافات کو بھول کر اتحاد سے جنگ کو جیتنا ہوگا۔کوئٹہ میں بلوچستان کے صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں اورہمیں اندرونی اتحاد کی ضرورت ہے، کچھ سیاسی عناصرمسلسل اس کوشش میں ہیں کہ پاکستان داخلی طور پرکمزورہوجائے تاہم وہ لوگ جو چند سالوں سے اندرونی اتحاد کو پامال کرنے کی کوشش کررہے ہیں وہ ہی پاکستان کے دشمن ہیں، وہ قوم کو تقسیم کرنے کے درپرہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم ایک طرف بڑی بڑی قربانیاں دے رہے ہیں ، ہم نے آپریشن ضرب عضب اور اب آپریشن ردالفساد کے تحت کامیابیاں حاصل کیں جب کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے آگے بھی بڑھ رہے ہیں‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو قوم نے مل کر ہر سطح پر لڑنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 2013 میں دہشت گردی عروج پر اور ریاست محاصرے میں تھی لیکن اب 2017 میں دہشت گردی محاصرے میں اور ریاست کامیابی کی جانب گامزن ہے۔

حکومتی کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 سال میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور کافی حد تک دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے جبکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنا مستقبل کا سوال ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ اندرونی اتحاد کو پامال کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں جب کہ یہ وقت ایک دوسرے کونہیں بلکہ دہشتگردی کونیچا دکھانے کا ہے۔ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیاں کرکے وجود قائم رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، وہ وقت بھی دورنہیں جب یہ کارروائیں بھی ختم ہوجائیں گی، دشمن نہیں جانتا کہ پاکستان ایسی بزدلانہ حملوں سے نہیں ڈرتا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارا دشمن بہت چالاک ہے جو واضح عزائم رکھتا ہے، ہمیں مکمل اتحاد کے ساتھ ان کا مقابلہ کرنا ہے، مل کر ملک کے مستقبل کے حوالے سے آگے بڑھنا ہے اوروفاقی حکومت تمام صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائے گی۔ وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا کہ دہشت گردی کا ہر واقعہ ہمارے عزم کو بڑھاتا ہے ۔ وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ گذشتہ روز ہونے والے واقعہ کو سیکورٹی کی خامی کہنا مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل جنگ ہے جس میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔دریں اثناءوزیرداخلہ احسن اقبال نے وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری کے ساتھ سی ایم ایچ کادورہ کیا اورسانحہ کوئٹہ کے زخمیوں کی عیادت کی، اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ آپریشن کے باعث دہشت گرد عناصر کی کمر ٹوٹ چکی ہے ،کچھ سیاسی عناصر ملک کو داخلی محاذ پر کمزور کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کاواقعہ ہمارےعزم کو بڑھاتاہے،ہمارے سیکورٹی کے تمام ادارے چوکس ہیں، ہم دہشت گردی کے اس واقعہ سمیت تمام واقعات کے محرکین تک پہنچیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد صوبائی حکومت،اداروں کو حکومت کی بھر پورتعاون کی یقین دہانی کرانا ہے،وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں سے اپنے تعاون کو یقینی بنائےگی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری نے کہا کہ ہم ایک وارزون میں رہ رہے ہیں، ہمارا افغانستان کےساتھ طویل بارڈر ہے،ہم نے ماضی میں بھی دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایاہے۔ثناءاللہ زہری نے مزید کہا کہ کوئٹہ حملے کو سیکورٹی کوتاہی قرار دینا درست نہیں ،فرانزک تحقیقات میں مدد کے لیے پنجاب حکومت سے درخواست کی ہے۔

متعلقہ عنوان :