مقبوضہ کشمیر: کرکٹ میچ جیتنے پر نعرہ بازی کرنے کی پاداش میں2نوجوان گرفتار

ویری ناگ میں 22سالہ نوجوان کالے قانون کے تحت کٹھوعہ جیل منتقل

اتوار 13 اگست 2017 14:30

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع کپواڑہ کے علاقے کرالہ گنڈ میں بھارتی پولیس نے دو نوجوانو ں کو کرکٹ میچ کے دوران نعرہ بازی کرنے پر گرفتار کر لیاہے جس کے خلاف علاقے میں زبردست غم وغصہ پایا جاتاہے۔میڈیا رپو رٹ کے مطابق کرالہ گنڈ کے لوگوں نے صحافیوں کو بتایاکہ ضلع کے علاقے ہانگہ میں کرالہ گنڈ کی ٹیم اور ایک اور ٹیم کے درمیان کرکٹ میچ تھا جوکرالہ گنڈ کی ٹیم نے جیتا۔

مقامی لوگو ں کے مطابق میچ جیتنے کی خوشی میں تماشائیوں نے اسلام اور آ زادی کے حق میں نعرہ بازی کی اور پرامن طور پر وہاں سے چلے گئے۔ لوگوں کے مطابق بھارتی پولیس نے شیر خان سپورٹس کلب کرالہ گنڈ کے کیپٹن اعجاز احمد خواجہ اور دوسرے کھلاڑی امتیاز احمد خواجہ کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جبکہ دوسرے کھلاڑیو ں کی تلاش جاری ہے۔

(جاری ہے)

اعجاز اور امتیاز کی گرفتاری کے بعد نوجوانوں میں تشویش کی لہر دو ڑ گئی ہے اور وہ پولیس کی گرفتاری سے بچنے کے لئے روپوش ہوگئے ہیں۔ لوگو ں نے اس کاروائی کے خلاف سخت غم و غصے کااظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نوجوانو ں کی گرفتاری سے گریز کیا جائے۔ ایک پولیس آفیسر نے اعجاز اورامتیاز کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک دشمن نعرے لگائے تھے جس کی تحقیقات جاری ہے۔

دریں اثناء بھارتی پولیس نے ویری ناگ کے علاقے کوکا گنڈ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان ارشاد احمدکو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتارکرکے کھٹوعہ جیل بھیج دیا ہے۔ مزدوری کرنے والے 22سالہ ارشاد احمد کی والدہ تاجہ بیگم نے صحافیوں کو بتایاکہ اٴْن کا بیٹا جرم بے گناہی کی سزا کاٹ رہا ہے۔تاجہ بیگم نے کہاکہ پولیس نے گذشتہ دو برسوں سے ان کے بیٹے کا قافیہ حیات تنگ کررکھاتھا اورآئے روز چھاپے اور تھانے پر طلبی ایک معمول بن گیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ اب ان کو سیفٹی ایکٹ کے تحت کٹھوعہ جیل منتقل کیاگیاہے۔

متعلقہ عنوان :